کے سی آر ناقابل بھروسہ شخصیت

محبوب نگر۔ 25 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد مظہر شہید ریاستی کنوینر محبان ملت فورم نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ کے چندر شیکھر راؤ صدر ٹی آر ایس کے مختلف بیانات سے ان کے قول و فعل میں تضاد نظر آرہا ہے۔ کے سی آر نے نام نہاد مسلم دانشوروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم امیدواروں کو ٹکٹ نہ دیئے جانے کی جو وجوہات بتائی ہیں، ٹھیک سنگھ پریوار کا ایک حصہ ثابت ہورہے ہیں۔ علیحدہ تلنگانہ تحریک کے آغاز سے لے کر اب تک ان کے بیانات کا بغور جائزہ لیا جائے۔ کے سی آر پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ مظہر شہید نے مسلمانان تلنگانہ سے اپیل کی کہ کے سی آر کے بدلتے بیانات کی روشنی میں وہ نئی ریاست تلنگانہ میں جدید صف بندی کیلئے متحرک ہوجائیں۔ مسلمانوں کی آبادی تقریباً 20 فیصد ہے اور وہ اپنے اتحاد کے ذریعہ نئی تاریخ بناسکتے ہیں۔ تلنگانہ کے مسلمان باشعور ہیں اور عنقریب ہونے والے الیکشن کیلئے بیدار ہیں اور وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے بتائیں گے کہ ان کے ساتھ ناانصافی کرنے والوں کو وہ کیسے سبق سکھائیں گے۔