ریاست میں ڈبل بیڈروم اسکیم کے تحت 2.73 لاکھ مکانات کی منظوری
میدک۔/31جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سارے تلنگانہ میں ڈبل بیڈ روم ہاؤزنگ اسکیم کے تحت 2 لاکھ 73 ہزار مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ کانگریس کے دور اقتدار میں ہاوزنگ اسکیم میں دھاندلیاں پائی جاتی تھیں۔ بغیر مکان تعمیر کئے بلز اٹھالئے گئے۔ لیکن تلنگانہ سرکار پوری شفافیت کے ساتھ ہاوزنگ اسکیم کو روبہ عمل لارہی ہے۔ اسٹیٹ ہاوزنگ صدر نشین مسٹر بھوم ریڈی نے میدک کے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں پنچایت راج انجینئر کے ساتھ منعقدہ ایک جائزہ اجلاس کے دوران اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ مسٹر بھوم ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ غریبوں کے مسیحا ہیں۔ اس اجلاس میں جوائنٹ کلکٹر مسٹر جی ناگیش، ضلع پنچایت آفیسر مسٹر پنوک، پنچایت راج سپرنٹنڈنٹ انجینئر مسٹر سنجیو راؤ، ایگزیکیٹو انجینئر وینکٹیشورلو، آر ڈی او ایم ناگیش، ٹی آر ایس قائد مسٹر ایم دیویندر ریڈی، نائب صدر نشین بلدیہ مسٹر راگی اشوک کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ چیرمین ہاوزنگ کارپوریشن بھوم ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ایریا کو چھوڑتے ہوئے سارے 30 اضلاع میں 2 لاکھ 60 ہزار مکانات کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 1227 مکانات کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ 5302 مکانات کی تعمیر قریب مکمل ہونے کے مراحل میں ہیں۔ جبکہ ایک لاکھ 36 ہزار 774 مکانات ابھی اپنی تعمیر کے پہلے مرحلہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر کیلئے حکومت کی جانب سے سمنٹ اور اینٹ کی خریدی میں رعایت رکھی گئی ہے۔ مسٹر ریڈی نے بتایا کہ حکومت نے ڈبل بیڈ روم اسکیم کے تحت 13,500 کروڑ منظور کی ہے۔ ہر مکان560 اسکوائر فٹ پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ ایک مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ 4 ہزار کی لاگت آرہی ہے۔ آخر میں صدرنشین ہاوزنگ کارپوریشن مسٹر بھوم ریڈی نے کہاکہ ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم سارے ملک میں اپنی نوعیت کی ایک منفرد اسکیم ہے ۔ بعد ازاں مسٹر بھوم ریڈی نے میدک ٹاؤن کے پلی کوٹیال میں زیر تعمیر مکانات کا بھی معائنہ کیا۔
خانگی بس میں ایک کروڑ3 لاکھ
روپئے برآمد
نلگنڈہ۔/31جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نلگنڈہ کے قومی شاہراہ نمبر 65 پر ایک خانگی بس میں مسافر کی شکایت پر بس کی تلاشی پر پولیس کو ایک کروڑ 3 لاکھ 80 ہزار روپئے برآمد ہوئے۔ سرکل انسپکٹر چٹیال مسٹر پانڈو رنگاریڈی کے بموجب حیدرآباد سے چینائی جانے والی خانگی بس میں سوار ایک مسافر نے چٹیال کے مضافات میں واقع ہوٹلل پاس بس میں سے 17 لاکھ روپئے کا سرقہ ہونے کی شکایت پر پولیس نے فوری ہوٹل کے پاس پہنچ کر بس کی تلاشی لے رہی تھی کہ پولیس کو سیٹ کے اوپر لگیج کے مقام پرپیسے دکھائی دیئے پولیس نے دستیاب ایک کروڑ 3 لاکھ 80 ہزار روپئے حاصل کرلئے جس پر ایک مسافر نے بتایا کہ یہ رقم حیدرآباد کے جیولری مالکان کی جانب سے چینائی کو تجارتی غرض سے لے جایا رہا ہے جس پر پولیس نے بڑے پیمانے پر برآمد کردہ رقم کے کاغذات پیش کرنے کی ہدایت دی بصورت دیگر آئی ٹی عہدیداروں کو رقم حوالے کی جائے گی۔