دوباک میں انتخابی ریالی سے ہریش راؤ کا خطاب
دوباک ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حلقہ اسمبلی دوباک کے ٹی آر ایس امیدوار رام لنگا ریڈی نے اپنے انتخابی دورہ کے دوران دولت آباد منڈل سے لے کر دوباک منڈل تک بائک ریالی نکالی جس میں میدک ایم پی کونا پربھاکر ریڈی ، ہریش راؤ ، سابقہ وزیر متیم ریڈی نے شرکت کی ۔ اس ریالی میں ہزاروں ٹی آر ایس کارکنوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی ۔ عوام کی کثیر تعداد دکھائی دی ۔ اس موقع پر دوباک میں واقع تلنگانہ تلی چوراستہ پر ریالی کے دوران عوام سے مخاطب ہو کر دوباک ٹی آر ایس امیدوار رام لنگا ریڈی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی دوباک کی ترقی کے لیے وزیر اعلی کے سی آر نے 25 کروڑ روپئے جاری کئے تھے جس سے ترقیاتی کام بڑی تیزی کے ساتھ چل رہے ہیں ۔ اگر دوبارہ کانگریس اقتدار پر آئے تو ترقیاتی کام فلاحی اسکیمات رک جائیں گے ۔ دوباک میں ایک ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات زیر تعمیر ہیں ۔ دوبارہ اقتدار پر آئیں گے تو ڈبل بیڈروم مکانات کو جلد سے جلد مکمل کر کے غریب مستحق لوگوں کو فراہم کریں گے ۔ عوام سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی ہے کہ سوچ سمجھ کر فیصلہ لیں ۔ ترقیاتی و فلاحی کاموں کو دیکھتے ہوئے دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر میدک ایم پی کونا پربھاکر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے مہا کوٹمی پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہا کوٹمی میں آپسی نا اتفاقیوں کی بناء پر ایک دوسرے کو پرچار کرنے سے گریز کررہے ہیں ۔ مہا کوٹمی کی ناکامی یقینی نظر آرہی ہے ۔ تلنگانہ پراجکٹوں کی روک تھام کے لیے اے پی سی ایم چندرا بابو نائیڈو نے خطوط لکھے ۔ تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے چندرا بابو نائیڈو سے کانگریس نے کس صورت میں دوستی کی ہے۔ تلنگانہ کے عوام کو بتانے کی ضرورت ہے ۔ مہا کوٹمی کی نا اہلی اور دھوکے بازی کو عوام اچھی طرح جانتے ہیں ۔ آنے والے انتخابات میں عوام ہی سبق سکھائیں گے ۔ ہریش راؤ نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنہرا تلنگانہ کا قیام نہ ہی کانگریس نہ ہی بی جے پی سے ممکن ہے صرف اور صرف کے سی آر سے ہی ممکن ہے۔ کے سی آر ایک سیکولر ذہن قائد ہے جنہوں نے ہر طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے طرح طرح کے فلاحی و ترقیاتی اسکیمات روبہ عمل لائے ہیں ۔ غریب بوڑھے افراد کے لیے ماہانہ ایک ہزار روپئے وظیفہ دیا جارہا ہے ۔ دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا تو دو ہزار سولہ روپئے وظیفہ دیا جائے گا ۔ معذور افراد کو 3 ہزار سولہ روپئے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا ۔ کسانوں کو سال میں دو فصلوں کے لیے 8 ہزار روپئے رعیتو بندھو اسکیم کے تحت امداد دی جارہی ہے ۔ اس رقم کو اضافہ کرتے ہوئے دوبارہ اقتدار پر آئے تو دس ہزار روپئے امداد کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ ایک واحد ریاست ہے جہاں عوامی فلاحی اسکیمات روبہ عمل ہیں ۔ دوبارہ اقتدار پر آتے ہی بے روزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3 ہزار سولہ روپئے بے روزگاری وظیفہ دیا جائے گا ۔ ان تمام ترقیاتی و فلاحی کاموں کو اسکیمات کو نظر میں رکھتے ہوئے دوبارہ ٹی آر ایس پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے کی عوام سے اپیل کی ۔ ان کے ہمراہ بکی وینکٹیا ، راج مولی ، سرینواس ، و دیگر ٹی آر ایس قائدین و عوام کثیر تعداد میں ومجود تھے ۔۔