کے سی آر سے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ

کریم نگر میں کانگریس قائد جیون ریڈی کی پریس کانفرنس
کریم نگر /3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حصول تلنگانہ کی جدوجہد کے دوران کے چندر شیکھر راؤ نے عوام سے کہا تھا کہ ہم کو اقتدار عزیز نہیں ہے ۔ عہدے ہمارے لئے گھانس کے تنکے کی مانند ہیں ۔ تلنگانہ عوام کے ساتھ انصاف ہو ، یہاں کے قدرتی وسائل سے ہمیں فائدہ ہو ، ہمارے عوام کو ملازمتیں ، پانی ، ملے ہمارا مقصد یہی ہے لیکن کے سی آر حکومت تلنگانہ حاصل ہوجانے کے بعد اس کے برعکس کام انجام دے رہی ہے ۔ آبپاشی پراجکٹوں کے کام پر ٹی آر ایس حکومت دولت اکھٹا کر رہی ہے ۔ سی ایل پی قائد رکن اسمبلی جگتیال ٹی جیون ریڈی نے یہاں آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ان خیالات کااظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اس بات کیلئے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سیاست کی جارہی ہے ۔ کانگریس نے نہیں بلکہ ٹی آرایس سیاست کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے دور میں یلم پلی پراجکٹ کے 90 فیصد کام کی تکمیل کی ۔ میڈمانیر پراجکٹ کے کام کا آغاز کیا گیا ۔ متاثرین کو معاوضہ ادا کیا گیا ۔ تاہم ٹی آر ایس اقتدار پر آکر ایک سال سے زائد عرصہ ہو رہا ہے لیکن عوام سے کئے گئے وعدہ کو پورا نہیں کیا گیا ۔ بے روزگار کو ملازمت نہیں دی گئی ۔ ٹوتہ پلی پراجکٹ کو ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے ۔ بے گھر افراد کو مکان کا وعدہ پورا نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے کانگریس کو الزام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ان کے بیٹے کے ٹی آر کے جداگانہ بیانات عوام کیلئے الجھن پیدا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کے سی آر سے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کیا ۔