میدک۔ 31 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر پی ششی دھر ریڈی سابق ایم ایل اے و ترجمان تلنگانہ کانگریس کمیٹی نے کہا کہ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام میں اہم کردار ادا کرنے والے سرکاری ملازمین کے ساتھ ریاستی وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ دوغلی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے برائے نام پی آر سی کا اعلان تو کردیا لیکن عمل آوری پوری طرح تنگ نظری سے کی جارہی ہے۔ مسٹر ششی دھر ریڈی میدک کے کانگریس دفتر راجیو بھون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کو پی آر سی فٹمنٹ رقم بقائے جات نقد شکل میں ادا کریں۔ بانڈس کے ذریعہ ادائیگی کا فیصلہ دھوکہ دینے کے مماثل ہے۔ بہرحال مسٹر ریڈی نے ملازمین کے پی آر سی بقائے جات کی رقم کی نقد ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اقتدار پر آتے ہی بیروزگار نوجوانوں کے مقدر بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ ہر گھر میں ایک ملازمت دینے اور تمام سرکاری مدارس میں مخلوعہ جائیدادوں کی بھرتی کا بھی وعدہ کیا تھا، لیکن تاحال ان مسائل پر کوئی مثبت پیشرفت نہ ہوسکی۔ ششی دھر ریڈی نے فی الفور تعلیمی نظام میں بہتری لانے کیلئے ڈی ایس سی کے اعلان کا بھی مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مقامی کانگریس قائد پر مسرز جی انجنیلو گوڑ، ایم انجیلو بھی موجود تھے۔