میدک میں انتخابی مہم کے دوران تلگودیشم قائدین کا خطاب
میدک ۔ 4 ؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر تلگودیشم پارٹی ضلع میدک و انچارج حلقہ اسمبلی میدک جناب اے کے گنگادھرراؤ اور ترجمان اعلی ضلع تلگودیشم پارٹی جناب محمد افضل نے کہاکہ اس بار حلقہ اسمبلی میدک سے مہاکوٹمی امیدوار کی کامیابی یقینی ہے ۔ ٹی آر ایس کی امیدوار ایم پدمادیویندرریڈی کو شکست ہوگی ۔ ان قائدین نے کہاکہ مہاکوٹمی کی جانب سے کسی بھی پارٹی کو موقع ملے گا اس امیدوار کی کامیابی کے لئے تلگودیشم کی جانب سے زور و شور سے انتخابی مہم چلائی جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ عوام میں جھوٹے وعدے و تیقینات کے ذریعہ کرسی پر فائز ہونے والے جھوٹوں کے راجا کے سی آرکو آرام کرنے کا موقع مل جائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل ہونے پر اندرون 100 یوم میدک کی این ڈی ایس ایل کو سرکار کے زیر انتظامیہ چلانے کا دیا گیا تیقن اخباروں کے حد تک ہی رہے گا ۔ این ڈی ایس ایل کو حکومت کے تحت چلانا تو دور کی بات لیکن اس فیکٹری کو مکمل بند کر دیا گیا ۔ جس کی وجہ سے اس علاقے کے نیشکر کاشتکاروں اور ملازمین و ورکرس کی زندگیاں اجیرن بن گئیں ۔ ان قائدین نے ٹی آر ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ٹی آرا ایس جماعت تلگودیشم اور کانگریس کے ساتھ انتخابی مفاہمت کی تھی ۔ لیکن اب ٹی ڈی پی اور کانگریس کی انتخابی مفاہمت پر کیوں واویلا مچایا جا رہا ہے ۔ آخر میں انہوں نے پھر ایک بار کہا کہ حلقہ اسمبلی میدک سے کسی بھی جماعت کے امیدوار کو میدان میں اتارا جائیگا ۔ اس کی کامیابی کے لئے مستحکم انداز میں مہم چلائی جائیگی ۔ اس موقع پر دیگر قائدین مسٹر لکشمن یادو ‘ پنٹیا ‘ درگا پرساد ‘ ست نارائن‘ گوپال بھی موجود تھے ۔