مسلمانوں کے فیصلہ کن ووٹ کا نگریس کو حاصل ہوں گے، وحید خان چیرمین راجنا زون کا ادعا
میدک۔ /26ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ تحریک کے بانی ریاست کے نگران وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی خاندانی حکمرانی کا کھیل اب خاتمہ کی طرف رواں دواں ہے۔ دوران تحریک اور انتخابات کے موقع پر اقلیتوں کو سبز باغ دکھلا کر 2014 میں اقتدار کی کرسی سے سمٹ جانے میں کامیابی تو حاصل کرلی لیکن اب تازہ انتخابات کے بعد انہیں اقتدار کی کرسی کو کانگریس کے حوالے کرنا طئے ہے۔ اب اقلیتی ان کی کسی بھی بات کا بھروسہ نہیں کریں گی اب کوئی حربہ نہیں چلے گا۔ جناب محمد وحید خان چیرمین راجنا سرسلہ زون میناریٹی سل کانگریس پارٹی نے اپنے دورہ میدک کے موقع پر میدک ٹاؤن کے کانگریس دفتر راجیو بھون پر منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وحید خان نے کہا کہ ائمہ مساجد کو دیئے جانے والے ماہانہ مشاہرہ پابندی کے ساتھ اجرائی عمل میں نہیں آئی پھر دوبارہ دیئے جانے والے مشاہدہ میں توسیع کرتے ہوئے 5 ہزار تک کردیا گیا یہ بھی ایک دھوکہ ہے۔ کے سی آر دھوکے دینے کے شہنشاہ ہیں کیونکہ 12 فیصد تحفظات کا تاحال پتہ نہیں ہے اب کس منہ سے کے سی آر اقلیتوں سے ووٹ طلب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب کی بار کانگریس ریاست و مرکز میں اقتدار پر آئے گی۔ مسلمانوں کے فیصلہ کن ووٹ صد فیصد کانگریس کو حاصل ہوں گے۔ سرسلہ زون میں شامل اضلاع سرسلہ ، کاماریڈی، کریم نگر، میدک اور سدی پیٹ کے اسمبلی حلقوں پر کانگریس مستحکم ہے توقع ہے کہ کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی۔ مسٹر خان نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ حاصل کرکے کانگریس کے ساتھ دھوکہ کیا۔ ریاست تلنگانہ کانگریس کی دین ہے، سونیا گاندھی کی مرہون منت ہے کہ تلنگانہ حاصل ہوا۔ انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 13800 سے زائد درخواستیں شادی مبارک اسکیم کے دفاتر میں ابھی فائیلوں کی شکل میں جمی ہوئی ہیں۔ فیس ریمبرسمنٹ کی درخواستیں بھی متعلقہ دفاتر میں ابھی تک میزوں الماریوں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ چیرمین سرسلہ راجنا زون اقلیتی سل کانگریس پارٹی جناب محمد وحید خان کی بحیثیت چیرمین منتخب ہوئے یہ پہلی بار میدک ٹاون آمد پر مقامی کانگریس قائدین اقلیتی سل مسرز محمد صوفی حسین، علی نواز خان، محمد شکر، محمد خالد، جابر بیگ، امیر بیگ، محمد الیاس، محمد ذاکر حسین، ٹی جیلانی پاشاہ نے گلپوشی کرتے ہوئے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دیگر قائدین ترجمان اعلیٰ کانگریس ضلع میدک مسٹر ایم انجینلو، صدر ٹاؤن کانگریس مسٹر جی انجینلو گوڑ بھی موجود تھے۔ بعد ازاں پریس کانفرنس میدک کے بلدی حلقہ نمبر 2 کے نوجوان مسرز حسین خان، محمد اظہر، محمد سلیم، محمد ایوب کانگریس میں شامل ہوئے۔ انہیں چیرمین اقلیتی سل کانگریس مسٹر وحید خان نے پارٹی کھنڈوا ڈالتے ہوئے کانگریس میں شامل کرلیا۔