کے بی آر پارک فائرنگ واقعہ کا ملزم کانسٹیبل اوبلیش گرفتار

باضابطہ ٹولی کی شکل میں جرائم کے ارتکاب کا انکشاف۔ تفصیلات معلوم کرنے تفتیش جاری

حیدرآباد 20 ( سیاست نیوز) بنجارہ ہلز علاقہ میںکل صنعت کار پر فائرنگ کرنے والے ریزرو پولیس کانسٹبل اوبلیش کو کمشنر ٹاسک فورس ٹیم نے ضلع کرنول کے بدوارم پیٹ موضع میںآج گرفتار کرلیا۔ اس کانسٹیبل کی تفتیش کے دوران کئی سنسنی خیز انکشافات رونما ہوئے جس میں اس بات کا پتہ لگا کہ کانسٹیبل چار پولیس ملازمین کی مدد سے ایک ٹولی کی شکل میں سنگین وارداتیں انجام دے رہا تھا۔ باور کیا جاتا ہے کہ اس ٹولی میں بعض خواتین بھی شامل ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ چھ ماہ قبل کانسٹیبل اوبلیش کی ٹولی نے ریاست کے ایک سینئر آئی اے ایس عہدیدار کے پوتے کا اغواء کیا اور 10 لاکھ تاوان حاصل کر کے اسے رہا کردیا تھا۔ پولیس نے گرفتار ٹولی کے ارکان کو حیدرآباد منتقل کیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ اوبلیش کا تعلق آندھرا پردیش کے ضلع کرنول سے ہے اور وہ اے پی ایس پی کی II بٹالین سے سال 1998 سے وابستہ ہوا ۔ وہ سال 2002 میں انسداد ماؤسٹ فورس گرے ہاونڈس میں ڈپیوٹیشن پر تعینات کیاگیا تھا اور وہ مارچ 2014 تک اس فورس سے وابستہ رہا۔ بعدازاں اس کا آرمڈ ریزرو پولیس ( سی پی ایل ) عنبر پیٹ میں تبادلہ عمل میں آیا تھا۔ اس نے گرے ہاونڈس میں تعیناتی کے دوران اپنے ساتھی کی اے کے 47 رائفل کا سرقہ کیا تھا اور رائفل کی گمشیدگی کے بعد اوبلیش اور دیگر کانسٹیبلس کی گرے ہاونڈس پارٹی کو تحویل کرکے اپنے متعلقہ یونٹس کو خدمات واپس کردیئے گئے ۔ بعدازاں اسے محکمہ آبکاری و نشہ بندی کی خصوصی ٹاسک فورس میں تعینات کیا گیا تھا اور وہ اپنے یونٹ سی پی ایل عنبر پیٹ سے 15 دن کی رخصت حاصل کی تھی۔ فائرنگ کیس کی تحقیقات سے جڑے ہوئے عہدیدار نے بتایا کہ اوبلیش پرتعیش زندگی گذارنے کا عادی ہے اور وہ اپنی بری صعوبتوں کے سبب مقروض ہوگیا تھا اور آسانی سے روپئے کمانے کیلئے اس نے تاوان کیلئے اغواء ٹولی تشکیل دی تھی۔ منصوبہ بند طریقے سے سنگین وارداتیں انجام دینے کیلئے شہر کے مضافاتی علاقہ میں کرایہ کا کمرہ بھی حاصل کیا تھا جہاں مغویہ افراد کو محروس رکھ کر تاوان کا مطالبہ کیا جاسکے ۔ ٹاسک فورس اوبلیش اور اس کے دیگر ٹولی کے ارکان کو حیدرآباد منتقل کر کے ان سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے اور امید ہے کہ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی پریس کانفرنس میں تفصیلات کا انکشاف کریں گے ۔ واضح رہے کہ کل بنجارہ ہلز ، کے بی آر پارک کے قریب ایک بندوق بردار نے اے کے 47 کے ذریعہ مشہور صنعت کار کے نتیانند ریڈی پر فائرنگ کردی تھی جس میں وہ بال بال بچ گئے تھے۔ بنجارہ ہلز پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ میں استعمال کی گئی اے کے 47 رائفل کو ضبط کرنے کے بعد اسے ریاست کے فارنسک لیب کو بھیجا ۔