کیپ ٹاؤن میں ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی

کیپ ٹاؤن۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )کیپ ٹاؤن میں آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 ٹرافی کی رونمائی ہوئی جہاں شعیب ملک اور فاف ڈوپلیسی نے اپنے منصوبے سے آگاہ کرتے ہوئے خطاب جیتنے کا عزم ظاہر کردیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ونڈے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ سے قبل آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی کی رونمائی بھی ہوئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ونڈے فارمیٹ میں پچز کا زیادہ فرق نہیں رہا، تقریبا ایک جیسی ہی ہوتی ہیں۔کپتان نے کہا کہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ میں تھوڑا اچھال زیادہ ہوتا ہے، ورلڈ کپ سے قبل حالات سے ہم آہنگی کیلئے پی سی بی کھلاڑیوں کو 20 سے 25 روز قبل بھجوانے کا منصوبہ بنا رہا ہے، ہمارے بیشتر کرکٹرز دنیا کے مختلف حصوں میں کھیل چکے ہیں، امید ہے انگلینڈ میں اچھا مظاہرہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ تمام ٹیموں کیلیے ایک بڑا موقع ہے، پاکستان نے انگلینڈ میں چیمپئنزٹرافی اپنے نام کی تھی، اس کے بعد ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں بھی نہیں ہوئیں، کھلاڑی بھرپوراعتمادکیساتھ میدان میں اتریں گے۔ کوئی بھی خطاب جیتنے کیلیے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں تسلسل ضروری ہے، میرا آخری ورلڈکپ ہے اس کویادگاربنانے کی کوشش کروں گا۔ دوسری جانب فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ میری نظر میں انگلینڈ اور ہندوستان پسندیدہ ٹیمیں ہیں، جنوبی افریقی ٹیم نوجوان لیکن پرعزم کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، پاکستان کیخلاف سیریز میں بھی نئے کھلاڑیوںکو مواقع دیا گیا جس کے بہتر نتائج حاصل ہوئے ہیں اور میگا ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب ہوں گے۔پاکستانی ٹیم ان دنوں جنوبی افریقہ کے دورہ پر ہے جہاں وہ ٹسٹ کے بعد ونڈے سیریز کے آخری مقابلے میں شرکت کررہی ہے ۔تادم تحریر وہ میزبان ٹیم کے خلاف بیٹنگ کررہی تھی جبکہ ٹی20 سیریز ہنوز باقی ہے۔