چنڈی گڑھ 27دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی (عآپ) پنجاب نے کیپٹن امریندر سنگھ حکومت پر پنچایتی انتخابات کروانے والے اہلکاروں سے ووٹ کا آئینی حق چھیننے کا الزام عائد کیا۔ عآپ نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام سرکاری اہلکار، افسران کے لیے ووٹ ڈالنے کے انتظام کو یقینی بنایا جائے ۔ عآپ رہنما اور سونام سے رکن اسمبلی امن اروڑا نے ریاستی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ کیپٹن حکومت جان بوجھ کر سرکاری اہلکاروں سے پنچایتی الیکشن میں ووٹ ڈالنے کا حق چھین رہی ہے کیونکہ متعلقہ افراد اپنے جائز مطالبات اور کیپٹن امریندر سنگھ حکومت کے انتخابی وعدہ خلافی کے سبب کانگریس سے خفا ہیں، اس لیے بر سر اقتدار پارٹی نے اہلکاروں کو ووٹ کے عمل سے باہر کر دیا ہے ۔مسٹر اروڑا کے مطابق آئندہ 30 دسمبر کو ہونے جا رہے پنچایتی الیکشن میں انتخابی عملے کے طور پر مصروف کار سرکاری اور نیم سرکاری اہلکار وں کی کمی ہونے کے سبب اپنے ووٹ ڈالنے کے حق کا استعمال نہیں کر سکیں گے ، جو بھارت کے آئین اور پنجاب پنچایتی الیکشن ضابطہ1994 کے قانون 22 (1) کی خلاف ورزی ہے ۔