پیرس ۔17فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیک جمہوریہ کی ٹینس اسٹار پیٹرا کیویٹووا ڈبلیو ٹی اے ٹینس درجہ بندی میںسرفہرست 3 کھلاڑیوں میں پہنچ گئیں جبکہ سرینا ولیمس اورماریا شاراپوا کی پہلی اور دوسری جگہ پر حکمرانی جاری ہے۔ اے ٹی پی عالمی درجہ بندی میں سربیائی اسٹار نواک جوکووچ بدستور پہلے مقام پر موجود ہیں۔ ٹینس کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے مطابق چیک جمہوریہ کی کیویٹووا نے حال ہی میں ڈبلیو ٹی اے ڈائمنڈ گیمس ٹورنمنٹ جیتنے کے بعد اپنا مقام بھی بہتر کرلیا ہے۔وہ تین درجے ترقی کے ساتھ سرفہرست 3 کھلاڑیوں میں پہنچ گئیں۔آسٹریلین اوپن چیمپئن امریکی اسٹار سرینا ولیمس بدستورپہلے، شاراپوا دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ سائمونا ہیلپ چوتھے، کیرولین ووزنیاکی پانچویں، اینا آئیوانووچ چھٹے،یوجینیی بوشارڈ ساتویں، آگنسیزکا راڈونسکا آٹھویں اورایکترینا مکاروا نویں اورانڈریا پیٹکووچ دسویں نمبر پر ہیں۔