کیویٹوا کی ریکارڈ 300 ویں کامیابی‘ ڈیل پوٹرو کی پیش قدمی

سڈنی۔ 8؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ سابق ومبلڈن چمپئن پیٹرا کیویٹوا نے سڈنی انٹرنیشنل کے کوارٹر فائنل مقابلہ میں لوسی سفرووا کو 7-6، 6-2 سے شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، تاہم کوارٹر فائنل میں ان کی کامیابی کریر کی 300 ویں کامیابی رہی۔ کوارٹر فائنل میں کریر کی ریکارڈ کامیابی حاصل کرنے کے بعد سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ ایک مرتبہ کی ومبلڈن سیمی فائنلسٹ بلغاریہ کی سویتانا پیرون کووا سے ہوگاجنھوں نے اپنے کوارٹر فائنل مقابلہ میں تیسرے درجہ کی ٹینس اسٹار سارا ایرانی کو 7-6 (7-2)، 6-3 سے شکست دیتے ہوئے ٹورنمنٹ میں حیران کن نتائج کے سلسلہ کو برقرار رکھا ہے، کیونکہ ٹورنمنٹ کے آغاز پر ہی سرفہرست اور دفاعی چمپئن اگنیسزکا راڈونسکا، سابق عالمی نمبر کیرولین ووزنیاکی ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔

مرد زمروں کے مقابلوں میں درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز ارجنٹینا کے یان مارٹن ڈیل پوٹرو نے 2014ء سیزن کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ سابق یو اے اوپن چمپئن 25 سالہ ڈیل پوٹرو نے پہلے سیٹ میں ناکامی کے باوجود فرانسیسی کھلاڑی نیکولاس ماہوت کو 1-6، 6-3، 6-4 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں ڈیل پوٹرو کا مقابلہ چیک جمہوریہ کے سینئر کھلاڑی راڈک اسٹپنکس سے ہوگا۔ مرد زمرے میں حیران کن نتیجہ اطالوی کھلاڑی اینڈریز سیپی کی شکست کے طور پر دیکھا گیا جنھیں آسٹریلیا کے مارینکو میٹسووچ کے خلاف راست سیٹوں میں 6-3، 6-4 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔

بوپنا۔ قریشی سیمی فائنل میں
سڈنی۔ 8؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستانی ٹینس اسٹار روہن بوپنا اور ان کے پاکستانی ساتھی کھلاڑی اعصام الحق قریشی نے سڈنی انٹرنیشنل ٹورنمنٹ کے سیمی فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے، تاہم سینئر کھلاڑی لینڈر پیس کی 2014ء کی مہم کا کامیاب آغاز نہیں ہوپایا ہے، جیسا کہ وہ اپنے چیک جمہوریائی ساتھی کھلاڑی راڈک اسٹپنکس کے ہمراہ پہلے ہی راؤنڈ سے باہر ہوچکے ہیں۔ بوپنا۔ قریشی جنھیں ٹورنمنٹ میں تیسرا درجہ حاصل ہوا تھا، انھوں نے کہا کہ سخت مقابلہ کے بعد فلپائین کے ٹراٹ ہوئی اور برطانوی کھلاڑی ڈومینیک انگلوٹ کو6-7(3)، 7-6(5)، 10-3 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کرنے والی اس جوڑی کا فائنل میں رسائی کے لئے مقابلہ لکاس روسل اور جواو سوسا سے ہوگا جنھوں نے ٹورنمنٹ کی سرفہرست امریکی بھائیوں کی جوڑی مائیک اور باب ریان کو 3-6، 6-3، 14-12 سے شکست دی۔