ٹورانٹو، 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پین امریکن گیمز میں شرکت کی غرض سے ٹورانٹو آنے والی کیوبائی ہاکی ٹیم کے نصف سے زائد ارکان لاپتہ ہوگئے ہیں۔ امکان ہے کہ یہ کھلاڑی امریکہ فرار ہوگئے ہیں۔ کینیڈا کے شہر ٹورانٹو کیلئے روانہ کردہ ہاکی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے ٹیم کا ساتھ چھوڑ دیا ہے اور اس کی تقریباً نصف ٹیم غائب ہے۔ کیوبا کے ایک کھلاڑی کے حوالے سے یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ یہ کھلاڑی امریکہ چلے گئے ہیں۔ کیوبا کی نیشنل ٹیم پین امریکن گیمز میں شرکت کی غرض سے ٹورانٹو پہنچی ہے۔ کیوبا کے کھلاڑیوں کا ٹیم سے علیحدہ ہونا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے کیونکہ حالیہ دنوں ایسا دیکھا گیا ہے کہ کھلاڑی زیادہ پیسوں کیلئے چلے جاتے ہیں۔ کیوبا کے کھلاڑی روجر نے ٹیم کا ساتھ چھوڑنے والے کھلاڑیوں کی تعداد سات بتائی ہے۔ حال میں امریکہ اور کیوبا کے درمیانی 54 سال بعد سفارتی تعلقات قائم ہوئے ہیں کیوبا کو ٹرینیڈاڈ اور ٹوبیگو سے 0-13 سے شکست فاش کا سامنا رہا کیونکہ کیوبا کے پاس کھیلنے کے لیے 11 کھلاڑی نہیں تھے اور انھوں نے صرف آٹھ کھلاڑیوں کے ساتھ اس میچ میں شرکت کی۔ پین امریکن گیمز میں گزشتہ ہفتے کیوبا کے چار کشتی راں بھی غائب ہو گئے تھے۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بیس بال، باکسنگ، والی بال جیسے کھیلوں میں کھلاڑی بیرونی ممالک کے کلبوں سے زیادہ پیسے کا مطالبہ کر سکتے ہیں اور ایسے کھیل کے کھلاڑی قدرے جلدی ٹیم چھوڑ دیتے ہیں۔ لیکن ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا جانا بظاہر غیرمعمولی بات ہے۔ کیوبا نے جنوری 2013 میں بیرون ملک سفر سے پابندی ہٹا لی تھی۔ اس کے علاوہ کیوبا نے کھلاڑیوں کی تنخواہ میں اضافہ بھی کیا اور انھیں غیر ملکی کلبوں کے ساتھ معاہدے کرنے کی اجازت بھی دی۔ اس کے باوجود کھلاڑی زیادہ رقم کیلئے بیرون ملک جاکر غائب ہورہے ہیں۔