کین ولیمسن سن رائز حیدرآباد کے کپتان مقرر

حیدرآباد۔29 مارچ(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو بال ٹیمپرنگ میں سزایافتہ ڈیوڈ وارنر کی جگہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کے لئے سن رائزرس حیدرآباد کا کپتان بنایا گیا ہے ۔حیدرآباد کی ٹیم کے چیف ایگزیکٹو کے شموگم نے ٹویٹر پر اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئی پی ایل 2018 کے لئے کین ولیمسن کو حیدرآباد کا کپتان بنا کر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔شموگم نے کہا کہ ولیمسن نے اس عہدے کو قبول کر لیا ہے ۔ولیمسن نے بھی کپتانی ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس سیزن کے لئے حیدرآباد کی کپتانی قبول کر لی ہے ۔ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ قیادت ایک بہترین موقع ہے ۔میں اس چیلنج کو لے کر بہت حوصلہ افزا ہوں۔حیدرآباد کا ولیمسن کو کپتان بنائے جانے کا فیصلہ اگرچہ کچھ حیران کن ضرور ہے ۔حیدرآباد کے گزشتہ تین سیزنس میں ولیمسن نے صرف 15 میچ ہی کھیلے ہیں اور129.24 کے اسٹرائک ریٹ سے411 رنز بنائے ہیں جس میں صرف تین نصف سنچری شامل ہیں۔اس کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے ساتھ ٹوئنٹی20 سہ رخی سیریز میں بھی ولیمسن کی کارکردگی خاص نہیں تھی اور سابق فاسٹ بولر سائمن ڈول نے ان کی محدود اوورس کی کرکٹ میں کارکردگی پر فکر ظاہر کی تھی۔ولیمسن کو قیادت دینے پر حیرانی اس لئے بھی ظاہر کی جارہی ہے کیونکہ ٹیم کے اوپنر شکھر دھون نہ صرف شاندار فام میں ہیں بلکہ وہ ماضی میں حیدرآبادی ٹیم کی قیادت کرنے کے علاوہ تیز رفتار رنز بھی بنا سکتے ہیں ۔ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے وارنر اور اسٹیون اسمتھ کو آئی پی ایل کے 11 ویں ایڈیشن سے باہر کر دیا تھا۔آسٹریلیائی کرکٹر وارنر،ا سمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کو جنوبی افریقہ میں ٹسٹ سیریز کے تیسرے کیپ ٹاؤن میچ میں گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا مجرم پایا گیا ۔کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) نے اسمتھ اور وارنرکوایک سال کے لیے معطل کر دیا ہے۔حالانکہ انہیں کاؤنٹی کرکٹ اور لیگ میں کھیلنے کی اجازت ہے لیکن سی اے کے اس فیصلے کے بعد بی سی سی آئی نے بھی ان کھلاڑیوںکوآئی پی ایل سے باہر کر دیا۔۔آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا نے کہا کہ ہم نے پہلے آئی سی سی اور پھر سی اے کے فیصلے کا انتظار کیا اور اس کے بعد اپنا فیصلہ کیا۔ہم نے دونوں کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے باہر کر دیا ہے ۔