کینسر مریض کے علاج کیلئے وزیراعظم کی امداد

کریم نگر ۔ /15 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر کریم نگر کے محلہ حسینی پورہ کے ساکن محمد عبدالمجید (55) سالہ سیکل میکانک جو کہ کینسر کے مرض (Aplastic Anaemia) میں مبتلا ہیں اور کیر ہاسپٹل بنجارہ ہلز حیدرآباد میں زیرعلاج ہیں ۔ صدر کانگریس اقلیتی سیل ضلع کریم نگر ایس اے محسن ‘ جنرل سکریٹری ادارہ خادمان ملت عبدالصمد نواب نائب صدر ضلع کانگریس محمد عاطف اور کانگریس قائد مرزا اسد اللہ بیگ کی جانب سے رکن پارلیمنٹ کریم نگر پونم پربھاکر سے نمائندگی پر پرائم منسٹر ریلیف فنڈ سے مبلغ تین لاکھ روپئے کی منظوری عمل میں آئی ۔ دفتر پرائم منسٹر سے /2 جنوری 2014 ء کو مراسلہ نمبر 82(21606)/2013-PMF کے ذریعہ ڈائرکٹر کیر ہاسپٹل بنجارہ ہلز اور رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر اور عبدالمجید کے نام وصول ہوا ۔ عبدالمجید کے فرزند شہباز اور شاہنواز نے ان کے والد کے علاج کیلئے کامیاب نمائندگی پر رکن پارلیمنٹ کریم نگر پونم پربھاکر صدر ضلع کانگریس ایس اے محسن اور سکریٹری ادارہ خادمان ملت کریم نگر عبدالصمد نواب سے اظہار تشکر کیا ہے ۔

عرس حضرت جہانگیر پیران
شاد نگر ۔ /15 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت سیدنا جہانگیر پیراںؒ واقع موضع نیمن نروا کتور منڈل شاد نگر تعلقہ ضلع محبوب نگر کے سہ روزہ عرس تقاریب کا بتاریخ /16 جنوری بروز جمعرات سے آغاز عمل میں آرہا ہے ۔ بعد نماز عصر قرأت کلام پاک ‘ ہدیہ نعت ‘ قصیدہ بردہ و محفل سماع کے بعد صندل مالی جلوس سماع خانہ درگاہ شریف سے روانہ ہوکر قبل از مغرب درگاہ شریف پہونچے گا ۔ مراسم صندل مالی کی رسم شیخ محمد اقبال آئی پی ایس اسپیشل آفیسر اے پی اسٹیٹ وقف بورڈ کے ہاتھوں انجام پائے گی ۔ بعد نماز مغرب تناول و طعام عام خاص ہوگا ۔ بعد نماز عشاء احاطہ درگاہ شریف میں نعتیہ مشاعرہ و قوالی کا اہتمام ہوگا ۔ /17 جنوری بروز جمعہ محفل چراغاں کا انعقاد بعد نماز مغرب عمل میں لایا جائے گا ۔ بعد نماز عشاء عظیم الشان جلسہ فیضان اولیاء کے علاوہ طلباء تعلیمی مظاہرہ پیش کریں گے ۔ بعد ازاں حضرت سیدنا جہانگیر پیراںؒ ہائی اسکول طلباء میں انعامات کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ مذکورہ پروگرام کے بعد قوالی کا انعقاد ہوگا ۔ /18 جنوری بروز ہفتہ بعد نماز فجر ختم قرآن و فاتحہ خوانی و تقسیم تبرکات کے ساتھ سہ روزہ عرس تقاریب کا اختتام ہوگا ۔

کوسگی میں عرس شریف
کوسگی ۔ /15 جنوری (راست) حضرت سید قمر الدین شاہ قادری قبلہؒ کا عرس شریف بمقام کوسگی تعلقہ کوڑنگل ضلع محبوب نگر /14 ربیع الاول 1435 ھ مطابق /16 جنوری 2014 ء کو مقرر ہے ۔ صندل مبارک بعد نماز عصر حضرت قبلہ کے مکان سے برآمد ہوگا اور بازار سے ہوتا ہوا درگاہ شریف پہنچے گا ۔ صندل مالی کے فرائض بعد نماز مغرب محمد قمر الدین متولی درگاہ انجام دیں گے ۔