کینزپر غلط بیانی کی پاداش میں 25 ستمبر کو فرد جرم عائد ہونے کا امکان

ولنگٹن ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے سابق آل راونڈر کرس کینز کے ستارے ان دنوں گردش میں ہیں۔ 2012 میں للت مودی کے خلاف مقدمہ جیتنے والے کھلاڑی پر برطانوی عدالت 25 ستمبر کو غلط بیانی پر فرد جرم عائد کرے گی۔ سابق آل راونڈر کینز نے 2012 میں سابق آئی پی ایل کمشنر للت مودی کے خلاف انگلینڈ میں مقدمہ جیتا تھا، لیکن اب برطانوی پولیس نے دوران تفتیش انہیں جھوٹ بولنے کا مرتکب پایاہے۔ نیوزی لینڈ میڈیا کے مطابق پولیس سے غلط بیانی پر کینز کو انگلینڈ طلب کیا گیا ہے جہاں کراون پروسیکوشن سروس 25ستمبر کو ان پر فرد جرم عائد کرے گی۔ کینزنے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہیکہ وہ بے قصور ہیں، انہیں امید ہے کہ اس مرتبہ قانونی طور پر اپنا نام کلئیر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے کینز کے خلاف فیصلہ تسلیم کرتے ہوئے مزید تبصرے سے انکار کردیا۔ آئی سی سی بھی کینز کے خلاف اسپاٹ فکسنگ کی تحقیقات کررہی ہے۔