کیلیفورنیا کی روز پریڈ میں سکھوں کے لنگر سیوا کی جھلکیاں

واشنگٹن ۔ 30ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کیلیفورنیا میں گزشتہ 129 سالوں سے ایک روایت چلی آرہی ہے کہ نئے سال کے دن ایک پریڈ کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں مختلف جھانکیاں دکھائی جاتی ہیں جسے روز پریڈ کہا جاتا ہے جبکہ سابق میں اسے ’’ٹورنامنٹ آف روزیز‘‘ کہا جاتا تھا ۔ اس پریڈ کو دیکھنے کیلئے زائد از دس لاکھ وزیٹرس یہاں پہنچتے ہیں اور پورے امریکہ میں اس پریڈ کو راست طورپر ٹیلی ویژن پر نشر کیا جاتا ہے۔ اس سال سکھوں کے ’’لنگرسیوا‘‘ ( کمیونٹی کچن) کی جھلکیاں پیش کی جائیں گی ۔ اس موقع پر سکھ کولیشن نے بتایا کہ دیکھنے والے تھوڑی دیر تک خود کو ہندوستان کی ریاست پنجاب میں محسوس کریں گے ۔ جس طرح ہندوستان میں 26 جنوری کے موقع پر پریڈ کااہتمام کیا جاتا ہے جہاں مختلف ریاستوں کی ثقافت کی جھلکیاں پیش کی جاتی ہیں۔ جھانکی میں 90,959 پھولوں کے علاوہ 500 پاؤنڈس ترکاریاں بھی استعمال کی جائیں گی جو دراصل اُن پکوانوں کی جھلکیاں پیش کرتے ہیں جو لنگر ہال میں سربراہ کئے جاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں اینٹوں سے تیار کی گئی ایک دیوار، سنگ مرمر سے تیار کی گئی گنبد والی چھت اور محرابوں کی جھلکیاں بھی پیش کی جائیں گی جیسی کہ دربار صاحب میں موجود ہیں ۔