کیلیفورنیا آگ : ہلاکتوں کی تعداد 59 ہوگئی، سینکڑوں لاپتہ

پیراڈائز ۔ 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کیلیفورنیا میں لگی زبردست جنگل کی آگ کو بجھانے کیلئے آتش فرو عملہ گذشتہ ایک ہفتہ سے مسلسل کوششیں کررہا ہے جبکہ سب سے زیادہ متاثر ہوئی کاؤنٹی کے حکام نے ایسے 130 افراد کی فہرست جاری کی ہے جو لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ پیراڈائز ایک ایسا مستقر ہے جو صرف 26000 نفوس پر مشتمل ہے جو سیرا نیواڈا پہاڑی علاقہ کے دامن میں واقع ہے جہاں واقع متعدد مکانات بھیانک آگ میں تباہ ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 59 ہوگئی۔ بٹے کاؤنٹی کے شیریف کوری ہونیا نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت 461 بچاؤ کاری عملہ اور 22 کھوجی کتے لاپتہ افراد کو تلاش کررہے ہیں اور مہلوکین کی شناخت کیلئے ان کا ڈی این اے ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ کسی بھی خاندان کو اگر یہ شک ہیکہ اس کے خاندان کا کوئی لاپتہ شخص ہلاک ہوگیا ہے تو اسے اپنے ڈی این اے کا نمونہ شیریف کے دفتر میں جمع کرانا ہوگا۔