کیلیفورنیا آگ : ٹرمپ کا دورہ، ہلاکتوں کی تعداد 63 ہوگئی

پیراڈائز (یو ایس) ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کیلیفورنیا میں لگی بھیانک آگ میں ہلاکتوں کی تعداد 63 تک پہنچ گئی ہے جبکہ لاپتہ افراد کی فہرست میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے جن کی تازہ ترین تعداد 631 بتائی گئی ہے جن میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو بھیانک آگ سے اپنی جان بچانے دوردراز علاقوں تک چلے گئے جبکہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ ان کا ایسا کرنا انہیں لاپتہ لوگوں کی فہرست میں شامل کردے گا۔ بٹے کاؤنٹی شیریف کوری ہونیا نے یہ بات کہی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاپتہ افراد لوگوں کی فہرست کو عوام کیلئے بھی جاری کیا جائے گا تاکہ وہ یہ دیکھ لیں کہ آیا ان کا بھی نام فہرست میں شامل ہے تاکہ حکام کو وہ یہ بتا سکیں کہ وہ زندہ اور محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے بعد افراتفری کے جو حالات پیدا ہوئے ہیں ان سے ہم جس مشکل سے نمٹ رہے ہیں وہ صرف ہم ہی جانتے ہیں۔ دریں اثناء وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ہفتہ کے روز آگ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے جہاں وہ متاثرین سے ملاقات کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ کیمپ فائر میں متاثرین اور مہلوکین کی اکثریت عمر رسیدہ افراد کی ہے کیونکہ غضبناک آگ سے بچنے کیلئے انہوں نے وہ تیزی نہیں دکھائی جو جوان لوگوں نے دکھائی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ عمر رسیدہ افراد آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ کئی نعشیں تو ایسی ہیں جن کی شناخت نہیں کی جاسکتی۔ اسی لئے زندہ بچ جانے والے لوگوں کے ڈی این اے ٹسٹ لئے جارہے ہیں تاکہ انہیں نعشوں کی شناخت کیلئے استعمال کیا جاسکے۔