کیلیفورنیا آگ : آتش فرو عملہ پانچویں دن بھی مصروف، ہلاکتیں 42

پیراڈائز (کیلیفورنیا) ۔ 13 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کیلیفورنیا میں لگی مہیب آگ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 42 ہوگئی۔ ریاست کی تاریخ میں آگ کے اس واقعہ کو اب تک کا بدترین واقعہ تصور کیا جارہا ہے جبکہ مسلسل پانچویں روز بھی ہزاروں آتش فرو عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور دوسری طرف بچاؤکاری عملہ بھی آگ میں جھلس جانے والوں اور ہلاک ہوجانے والوں کی نعشیں تلاش کررہا ہے۔ 13 جھلسی ہوئی نعشیں ملنے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 42 ہوگئی۔ شیریف کوری ہونیا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی اور یہ بھی کہا کہ کیلیفورنیا کی تاریخ میں کسی نے بھی آج تک اتنی بھیانک آگ نہیں دیکھی۔ 1918ء میں مینی سوٹا میں کلو کیٹ فائر میں 1000 افراد ہلاک ہوئے تھے اور پوری ایک صدی بعد آگ کا بھیانک ترین واقعہ رونما ہوا۔