کیلس کو جنوبی افریقی کھلاڑیوں کا خراج تحسین

جوہانسبرگ۔31جولائی( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے پیشہ وارانہ کھلاڑیوں اور ساؤتھ افریقہ کرکٹرس اسوسی ایشن نے جیک کیلس کو خراج تحسین دیا ہے جو کہ گذشتہ روز بین الاقوامی سطح پر تمام طرز کی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے ۔ جنوبی افریقی ٹسٹ ٹیم کے کپتان ہاشم آملہ نے کہا کہ جیک کیلس 50برسوں میں حاصل ہونے والے ایسے کھلاڑی ہیں جن کا گذشتہ 20برسوں کے دوران ساتھی کھلاڑیوں پر کافی بڑا اور اہم اثر رہا ہے اور یہ میرے لئے اعزاز ہے کہ میں ان کھلاڑیوں میں شامل ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ اس کھلاڑی کے ریکارڈس کی ہی صرف ستائش نہیں کرسکتے بلکہ ان کے ساتھ کھیلنا بھی ایک اعزاز ہے ۔ ساؤتھ افریقہ کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر رابن پیٹرسن نے بھی بہترین الفاظ میں جیک کیلس کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کیلس جنوبی افریقہ کے ایک عظیم ترین کھلاڑی ہیں جو کہ ایک بہتر انسان ہونے کے علاوہ کئی ریکارڈس کے حامل بھی ہیں ۔ ڈریسنگ روم میں ان کی موجودگی دیگر کھلاڑیوں کیلئے ایک مثال ہوتی تھی اور ان کا ملنسار مزاج بھی کئی مشکل حالات میں آسانیاں پیدا کرتا تھا ۔ ساؤتھ افریقہ کرکٹ اسوسی ایشن دراصل جنوبی افریقہ کے پیشہ وارانہ کھلاڑیوں کیلئے ایک یونین ہے جو کہ 230 کھلاڑیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور اس نے تمام کھلاڑیوں کی جانب سے کیلس کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ 38سالہ کیلس نے کہا ہے کہ سری لنکا میں ناقص مظاہرہ نے انہیں سبکدوشی کا فیصلہ لینے کی طرف مائل کیا ‘ تاہم انہوں نے کہا کہ وہ آئی پی ایل کے علاوہ اس طرح کی دیگر لیگس میں شرکت کرتے رہیں گے ۔ کیلس نے 166ٹسٹ مقابلوں میں 45سنچریوں اور 58نصف سنچریوں کے ذریعہ 13,289 رنز اسکور کئے ہیں اور ان کا اوسط 55.37 ہے ۔