کیلس کرکٹ تاریخ کے عظیم آل راؤنڈ ر: آئی سی سی

دبئی۔31جولائی( سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی کی جانب سے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر جیک کیلس کو سبکدوشی کے اعلان کے بعد زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ کیلس کرکٹ تاریخ کے ایک عظیم آل راؤنڈ ہیں اور ان کو دنیا ہمیشہ ان کی بیٹنگ اور بولنگ میں استقلال کی وجہ سے یاد کرے گی ۔ کیلس نے گذشتہ روز سبکدوشی کا اعلان کیاہے جو دراصل سری لنکا میں ناقص مظاہرہ کے بعد ان کی جانب سے لیا جانے والا کریئر کا اہم فیصلہ ہے۔ 20سال کی عمر میں کیلس نے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا اور گذشتہ 18برسوں کے دوران انہوں نے خود کو دنیا کے بہترین آل راؤنڈرس میں شامل کیاہے ۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں رچرڈسن نے ان خیالات کااظہار کیا ۔