کیلس کا ٹسٹ کیرئیر 12 ویں مقام کے ساتھ اختتام پذیر

ڈربن ۔ 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر جیک کیلس نے اپنا ٹسٹ کیرئیر آئی سی سی کی درجہ بندی میں 12 ویں مقام کے ساتھ ختم کیا ۔ جیسا کہ پیر کو ڈربن میں منعقدہ مقابلے میں کیلس نے اپنے کیرئیر کا آخری مقابلہ کھیلا ۔ ہندوستان کے خلاف منعقدہ اس مقابلے میں کیلس نے شاندار 115 رنز اسکور کرتے ہوئے نہ صرف اپنے کیرئیر کی 45 ویں سنچری اسکور کی بلکہ اپنی ٹیم کو مہمان ٹیم کے خلاف 166 رنز کی صحت مند سبقت دلانے میں کلیدی رول ادا کیا ۔ اس ریکارڈ اننگز کے دوران کیلس نے ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ سے تیسرا مقام چھین لیا۔ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں سچن تنڈولکر 15921 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں جن کے بعد رکی پونٹنگ 13378 اور جیک کیلس 13289 رنز کے ساتھ تیسرے مقام پر پہونچ گئے جبکہ راہول ڈراویڈ 13288 رنز کے ساتھ چوتھے مقام پر ہیں۔ کیلس ایسے 31 ویں کھلاڑی بنے جنھوں نے اپنے آخری ٹسٹ میں سنچری اسکور کی جبکہ جنوبی افریقہ کیلئے یہ کارنامہ انجام دینے والے وہ چوتھے کھلاڑی بنے ۔ اس شاندار سنچری کی بدولت کیلس کو آئی سی سی کی درجہ بندی میں تین مقامات کا فائدہ ہوا ، جس کے ذریعہ وہ اپنے کیرئیر کااختتام 12 ویں مقام پر کیا ۔

جنوری 2005 ء میں جب کیلس نے اپنے کیریئر کا 85 واں ٹسٹ کھیلتے ہوئے 149 رنز اور 66 رنز کی اننگز کھیلی تھی تب وہ پہلی مرتبہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں نمبر ایک مقام حاصل کرلیا تھا ۔ انگلینڈ کے خلاف اس مقابلے کے ذریعہ انھوں نے پہلے مقام پر 592 تک اپنی موجودگی برقرار رکھی ۔ کیلس جنھوں نے اپنے ٹسٹ کیرئیر میں 292 وکٹیں بھی حاصل کیں ، تاہم ڈربن ٹسٹ میں انھیں وکٹ حاصل نہیں ہوئی جس کی وجہ سے بولنگ درجہ بندی میں انھیں دو مقامات کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور وہ 30 ویں مقام پر اپنے کیریئر کا اختتام کیا۔ بولنگ درجہ بندی میںانھوں نے اپنے کیریئر کا بہترین چھٹا مقام نومبر 2002 ء میں اُس وقت حاصل کیا تھا جب انھوں نے سری لنکا کے خلاف سنچورین ٹسٹ میں 110 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ آئی سی سی کی ٹسٹ آل راؤنڈرس کی درجہ بندی میں کیلس نے تیسرے مقام کے ذریعہ اپنے کیریئر کا اختتام کیا۔ جبکہ نمبر ایک مقام انھوں نے مارچ 2002 ء میں اس وقت حاصل کیا تھا جب وہ اپنے کیریئر کا 36 واں ٹسٹ کھیلتے ہوئے ہندوستان کے خلاف بنگلور میں 28 رنز دیکر 2 وکٹیں اور 95 رنز اسکور کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم کی ایک اننگز اور 71 رنز کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا تھا ۔ مجموعی طورپر کیلس سرفہرست ٹسٹ آل راؤنڈر بنے ہیں جنھوں نے مجموعی طورپر 493 مقابلوں میں شرکت کرنے کے علاوہ 4028 دن ٹیم کی نمائندگی بھی کی ۔