ڈربن۔ 30؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ کرکٹ دنیا راہول دراویڈ، وی وی ایس لکشمی، رکی پونٹنگ اور سچن تنڈولکر کی سبکدوشی کے بعد اس خلاء کو پُر ہی نہیں کرپائی تھی کہ جنوبی افریقہ کے عظیم آل راؤنڈر نے بھی ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا جوکہ کرکٹ شائقین کے لئے نئے سال کا تحفہ ہرگز نہیں ہوسکتا تھا، لیکن انھوں نے ہندوستان کے خلاف ڈربن ٹسٹ کے ذریعہ اپنے کریر کا آخری مقابلہ کھیلا۔ ڈربن ٹسٹ میں آخری دن میدان پر پہنچنے سے قبل انھوں نے اپنے 18 سالہ کریر کو کامیاب بنانے میں تعاون دینے والے دوست احباب اور افراد خاندان سے اظہار تشکر کیا۔ 38 سالہ کیلس نے اپنے اس شاندار کریر کو ناقابل فراموش یادیں قرار دیا۔ ڈربن ٹسٹ کے آخری دن میدان پر پہنچنے سے قبل انھوں نے سماجی رابطہ کے ویب سائیٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے دوستوں اور افراد خاندان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹسٹ کرکٹ میں آج میرا آخری دن ہے۔ میرے ساتھ کئی ناقابل فراموش کہانیاں اور یادیں وابستہ ہیں جس پر میں افراد خاندان، دوست احباب، ٹیم کے ساتھیوں اور مداحوں کا شکر گزار ہوں۔ جیکس کیلس جنھیں جنوبی افریقہ ٹیم میں ایک کامیاب آل راؤنڈر کے علاوہ بیٹنگ شعبہ میں ایک کلیدی حیثیت حاصل تھی۔ انھوں نے ڈربن ٹسٹ میں نہ صرف اپنے کریر کی 45 ویں سنچری اسکور کرنے کے علاوہ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی فہرست میں ہندوستانی بیٹسمین راہول دراویڈ کو پیچھے چھوڑ دیا، جیسا کہ کیلس نے اپنے شاندار کریر میں 13 ہزار 288 رنز اسکور کئے ہیں۔ کیلس بحیثیت بیٹسمین اور بولر کامیاب آل راؤنڈر ہونے کے علاوہ بہترین فیلڈر بھی تصور کئے جاتے ہیں، جیسا کہ انھوں نے ٹسٹ کرکٹ میں سلپ میں 200 کیچس لئے ہیں۔ علاوہ ازیں آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا نے بھی اپنے وقت کے حریف بیٹسمین جیکس کیلس کے شاندار کریر پر مبارکباد دی اور انھوں نے اپنے آن لائن پیغام میں کہا کہ انھیں اپنے وقت میں کیلس کے خلاف درپیش چیلنج سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔ میک گرا نے کیلس کو آل ٹائم بہترین آل راؤنڈر قرار دیا ہے۔