کیلس ٹوئنٹی 20اسکواڈ کا حصہ نہیں

ڈربن ۔27ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام )ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہورہے آل راؤنڈر جیک کیلس کو آئندہ برس مارچ ۔اپریل میں بنگلہ دیش میں منعقد شدنی ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کیلئے جنوبی افریقی ٹیم کے 30ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ کیلس نے چہارشنبہ کو اعلان کیا تھا کہ وہ ہندوستان کے خلاف ڈربن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ کے بعد ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کریں گے تاہم وہ محدود اوورس کی کرکٹ میں افریقی ٹیم کی نمائندگی کریں گے لیکن آج ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کیلئے معلنہ 30رکنی ممکنہ ٹیم میں ان کا نام شامل نہیں ہے ۔

کیلس نے سبکدوشی کے بیان میں مزید کہا تھا کہ وہ طویل طرز کی کرکٹ کو خیرباد ضرور کہہ رہے ہیں لیکن 50اوورس کے ورلڈ کپ جو کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا ‘ اس میں ٹیم کی نمائندگی کے خواہاں ہے۔ جنوبی افریقی سلکٹروں کے کنوینر اینڈریو ہڈسن کیلس کے مسئلہ پر تفصیلات فراہم کرنے کیلئے دستیاب نہیں تھے لیکن کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے ترجمان نے کہا کہ ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کے اعلان اور اس میں آل راؤنڈر کی عدم شمولیت کا تعلق ٹسٹ کرکٹ سے کیلس کی سبکدوشی سے ہرگز نہیں ۔

کیلس ایک عرصہ سے جنوبی افریقی ٹوئنٹی 20ٹیم کا حصہ نہیں اور انہوں نے واضح بھی کیا ہے کہ وہ 50اوورس کے ورلڈ کپ ٹیم کی نمائندگی کے خواہاں ہے ۔ 38سالہ کیلس نے آخری مرتبہ سری لنکا میں 2012ء ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ میں جنوبی افریقی ٹیم کی نمائندگی کی تھی اور اس ٹورنمنٹ کی تین اننگز میں انہوں نے صرف 24رنز اسکور کئے تھے ‘ تاہم پانچ مقابلوں میں انہوں نے سات وکٹیں حاصل کیں جس میں زمبابوے کے خلاف 15رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کا مظاہرہ بھی شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں انڈین پریمئر لیگ میں وہ سرفہرست کھلاڑیوں میں شامل ہیں ‘جیسا کہ ان کے مطابق 2012ء میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے لئے آئی پی ایل کا خطاب جیتنا ان کے لئے یادگار لمحات میںشامل ہیں ۔ ٹسٹ ٹیم کے کپتان گرائم اسمتھ جو کہ 2011ء سے ٹوئنٹی 20 کرکٹ نہیں کھیل رہے ہیں‘ ان کے علاوہ الویروپیٹرسن ایسے تیسرے کھلاڑی ہیں جو فی الحال ٹسٹ کرکٹ میں ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں تاہم وہ ٹوئنٹی 20کا حصہ نہیں ۔