کیلس جیساکھلاڑی بننا میری کوشش : پجارا

شارجہ ۔ 23 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹوئنٹی 20 فارمٹ میں اپنے قدم جمانے کے لئے کوشاں چتیشور پجارا کو بخوبی پتہ ہے کہ وہ اُس طرح کے جوشیلے کھلاڑی نہیں ہوسکتے جیسے آئی پی ایل میں اُن کے کنگس الیون پنجاب کے بعض ساتھی ہیں۔ لیکن ہندوستانی بیٹسمین کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی افریقی لیجنڈ ژاک کیلس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنا منفرد مقام بناسکتے ہیں۔ پجارا جو پنجاب ٹیم کے لئے اننگز کی شروعات کرتے ہیں ، وہ ٹسٹ بیٹسمین کی حیثیت سے تو خود کو منواچکے ہیں لیکن T20 کرکٹ کے تیز تر فارمٹ سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کررہے ہیں ۔ پجارا نے آئی پی ایل کے آفیشل ویب سائیٹ سے گفتگو میں کہا ، ’’ میں اُس طرح کا دھماکو کھلاڑی نہیں بن سکتا جیسے (گلین ) میکسویل یا (ڈیوڈ) ملر کھیلتے ہیں ۔ لیکن میں ہمیشہ ہی ژاک کیلس بننے کی کوشش ضرور کرسکتا ہوں

جو ٹھیک ٹھیک ڈھنگ کے کرکٹ شارٹس کھیلتے ہیں ۔ اس کے باوجود اچھی رفتار کے ساتھ رنز بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ بس میں بھی یہی کچھ کرنا چاہتا ہوں ‘‘۔ انھوں نے کہا کہ کرکٹ میں چاہے فارمٹ کچھ بھی ہو بنیادی باتیں بدلتی نہیں ہے۔ آپ کو رن بنانے کیلئے گیند کو بہرحال مارنا ہوتا ہے ، تاہم میری جارحانہ بیٹنگ میں کلاسیکل شارٹس ہوں گے اور میں اس خاصیت کو برقرار رکھنا چاہوں گا۔ ٹی ٹوئنٹی فارمٹ میں اگر بیٹسمین صرف اندھا دھند مارنے کی فکر کرے تو اس فارمٹ میں بھلے ہی وہ کامیاب ہوجائے لیکن تمام اقسام کی کرکٹ میں اُس کھلاڑی کو اپنی شناخت اور اپنا مقام برقرار رکھنے میں حد درجہ مشکل پیش آئے گی ۔ انھوں نے کہا کہ ٹسٹ کے ساتھ ساتھ جیسے جیسے وہ ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے بھی کھیلتے جائیں گے وہ مکمل بیٹسمین بننے کے قریب ہوں گے ۔