کیشپ ‘ پوار تیسرے راؤنڈ میں ‘ سائنا کامیاب

بیسل۔13مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ہندوستان کے مرد شیٹلرپروپلی کیشپ اور آنند پوار نے یہاں سوئیز گرانڈپری گولڈ ٹورنمنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں بہ آسانی رسائی حاصل کرلی ہے۔جب کہ سائنا نہوال نے 125,000 امریکی ڈالرس انعامی رقم کے ٹورنمنٹ کی مہم کا کامیاب آغاز کیا ہے ۔ تیسرے درجے کے کھلاڑی کیشپ نے صرف 33منٹوں میں اپنے حریف جرمنی کے لوکاز کو21-15 ‘21-14سے شکست دیتے ہوئے مرد زمرے کے سنگلس ایونٹ پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

دریں اثناء کیشپ سے کہیں زیادہ بہتر مظاہرہ پوار نے کیا جیسا کہ انہوں نے صرف24منٹوں میں اپنے حریف ایک اورجرمن کھلاڑی ٹوبیاز واڈنکا کو 21-11 ‘ 21-4سے شکست دی ۔خاتون زمرہ میں سائنا نے جاپانی حریف چی ساٹو ہوشی کو 21-12‘21-12سے شکست دیتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔

ثانیہ۔کارا جوڑی سیمی فائنل میں داخل
انڈین ویلس (امریکہ) 13مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ثانیہ مرزا اور ان کی ساتھی کھلاڑی کارا بلیک نے خاتون زمرہ کے ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ پانچویں درجہ کی جوڑی نے ٹورنمنٹ میں دوسری بہترین جوڑی قرار دی جانے والی روسی کھلاڑیوں یکترینہ ماکاروا اور ایلینا وسنینا کو راست سیٹوں میں 6-4 ‘ 6-1سے شکست دی ۔ ثانیہ اور ان کی ساتھی کارا نے کوارٹر فائنل مقابلہ میں ایک گھنٹہ 11 منٹ میں ہی کامیابی حاصل کرلی ۔ثانیہ جوڑی کو کو سیزن کے پہلے سیمی فائنل میں چیک جمہوریہ کی لوسی ہراڈیکا اور چینی کھلاڑی جی ژانگ پر مشتمل جوڑی کا سامنا ہے ۔