جکارتہ ۔4 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بیاڈمنٹن کھلاڑی پروپلی کیشپ نے عالمی نمبر 5 سانوان ہو کیخلاف راست گیمس میں حیران کن کامیابی حاصل کرتے ہوئے انڈونیشین اوپن سوپر سیریز بیاڈمنٹن ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ تاہم ایک اور ہندوستانی کھلاڑی کڈمبی سریکانت کو ٹورنمنٹ سے باہر ہونا پڑا ہے ۔ کیشپ نے صرف 36 منٹوں میں اپنے حریف کو 21-11، 21-14 سے شکست دیتے ہوئے ایک حیران کن کامیابی حاصل کی ہے ۔ دوسری جانب سریکانت کو مقامی کھلاڑی جی انتھونی کیخلاف پہلی گیم میں کامیابی کے باوجود 21-14، 20-22، 13-21 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ یہ مقابلہ انتہائی مسابقتی رہا اور دوسری گیم کے اختتام تک بھی سریکانت کی کامیابی کے امکانات روشن تھے لیکن 54 منٹ طویل اس مقابلے میں سریکانت کو شکست برداشت کرنی پڑی ۔