کیریبئن لیگ کے افتتاحی میچ میں شاداب کی تباہ کن بولنگ

جمائیکا ۔7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی اسپنر شاداب خان نے کیریبئن پریمیئر لیگ کے پہلے ہی میچ میں بولنگ کرتے ہوئے میچ کے بہترین کے کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کر لیا۔کیریبیئن پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔شاداب کی شاندار بولنگ کے باعث سینٹ لوشیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں پر 132 رنز بنا سکی، سینٹ لوشیا کی جانب سے کامران اکمل نے صرف پانچ رنز بنائے جبکہ آندرے فلیچر 26 رنز بنا کر سب سے کامیاب رہے۔شاداب نے چار اوورز میں پندرہ رنز کے عوض دو وکٹیں لیں اور لیگ اسپنر نے اپنے اسپیل میں 14 ڈاٹ بالز کروائیں۔جواب میں ٹرینباگو ابتدا میں اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب سنیل نارائن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ مکالم نے 27 گیندوں پر سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے جبکہ منرو نے سات چوکوں اور تین چھکوں کی بدولت 39 گیندوں پر 66 رنز کی باری کھیلی۔شاداب خان کو نپی تلی بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔