کیریئر کی دوسری اننگز کے لئے تیار ہوں : محمدعامر

کراچی۔19 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام)اسپاٹ فکسنگ کے باعث پانچ سال کی پابندی کا شکار محمد عامر نے کرکٹ کیریئر کی دوسری اننگز کی تیاری مکمل کر لی ہے ۔ اس ضمن میں باصلاحیت نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں واپس آوں گا۔ سوئنگ ماسٹر کے روپ میں واپس آ کر پرستاروں کو خوش کریں گے۔ انٹرویو میں فکسنگ اسکینڈل کے اہم کردار محمد عامر نے دل کی باتیں کہہ دیں۔ کہتے ہیں کہ فکسنگ اسکینڈل اور پھر سزا کے باعث اپنے پرستاروں کی نظر میں مجرم بنا۔ پابندی ستمبر 2015ء میں ختم ہو گی اب نئے روپ میں یعنی بہترین سوئنگ بولر کے طور پر واپس آ کر ناراض مداحوں کو خوش کر دیں گے۔ اسی لئے ابھی سے فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں۔ اپنی تلخ یادوں کا ذکر کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا ہے کہ جو آپ کو کچھ غلط کرنے کا کہے وہ آپ کا دوست نہیں ہو سکتا۔ اسپاٹ فکسنگ کے باعث پابندی کی قید کاٹنے والے بولر نے کہا ہے کہ ٹی وی پر کوئی بھی میچ دیکھ کر دکھی ہو جاتے ہیں۔ پابندی کے دنوں میں اہل خانہ اور کچھ دوست ساتھ رہے۔ لندن میں مقدمے کے دوران نرگس سے ملاقات ہوئی اور اب نکاح کر لیا ہے۔