پیرس۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ آسٹریلیائی ٹینس اسٹار نک کیرگیوس نے ناکامی کاغصہ ایک مرتبہ پھر ریکٹ پر اتار دیا۔ فرنچ اوپن کے دوسرے رائونڈ میں جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن کے خلاف چار سٹوں کے مقابلے میں شکست کے بعد نک کیرگیوس نے ناکامی کا سارا غصہ اپنے ریکٹ کو دو ٹکڑے کرتے ہوئے اتارا۔ آسٹریلیائی کھلاڑی نے کہا ہے کہ شکست پر وہ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
افغان لیگ میں شرکت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو روک دیا
لاہور۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں، کوچ اور میچ عہدیداروںکو افغان ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کے لئے این او سی (اجازت نامہ) جاری نہیں کیا جائے گا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کے گئے بیان کے مطابق بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان کی ٹی ٹوئنٹی لیگ سے معاہدہ کرنے والے کسی بھی پاکستانی کھلاڑی، کوچ اور میچ عہدیدار کو لیگ میں شرکت کے لئے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔پی سی بی کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 31 مئی کو کابل بم دھماکے کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ میچز کی سیریز منسوخ کرتے ہوئے کرکٹ تعلقات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔جس پر پی سی بی نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ بورڈ کی ہمدردیاں دھماکے میں متاثرہ افراد اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہیں تاہم ہم افغان کرکٹ بورڈ کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتے ہیں۔