دربھنگہ۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی کیرتی آزاد نے مہندر سنگھ دھونی اور ان کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کی بیرون ملک ایک اور سیریز میں انتہائی شرمناک شکست پر شدید تنقید کرتے ہوئے ملک کے لئے کھیلی جانے والی ٹسٹ کرکٹ کے متعلق ان کے جذبے پر سوال اٹھایا ہے۔ آزاد نے یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ میں جس طرح ہندوستانی ٹیم نے ناقص مظاہروں کے ذریعہ 1-3 کی شکست برداشت کی ہے، اس سے لگتا ہیکہ ہمارے کھلاڑیوں میں ٹسٹ کرکٹ کیلئے جستجو اور ملک کیلئے کھیلنے کا جذبہ ختم ہوچکا ہے۔ 1983ء میں ورلڈ کپ حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم کے رکن کیرتی آزاد نے کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہیکہ یہی وہ کھلاڑی ہیں جو آئی پی ایل کے دوران اپنی متعلقہ ٹیم کیلئے غیرمعمولی مظاہرے کرتے ہیں۔
دربھنگہ سے لوک سبھا کے رکن آزاد نے بی سی سی آئی کے اس فیصلہ پر بھی مایوسی کا اظہار کیا جس میں بورڈ نے انگلینڈ میں ناقص مظاہروں سے پریشان ہندوستانی ٹیم کیلئے روی شاستری کو ٹیم ڈائرکٹر کے عہدہ پر تقرر کیا ہے۔ بورڈ کے اس اقدام کو انہوں نے جزوقتی حل قرار دیا ہے۔ آزاد کے بموجب روی شاستری کا تقرر جزوقتی حل ہے اور اس طرح کے جزوقتی حل کے ذریعہ ٹیم کے مسائل کو حل نہیں کیا جاسکتا۔ ٹسٹ کرکٹ میں مہیندر سنگھ دھونی کی قیادت کے متعلق کئے گئے سوال کے جواب میں آزاد نے کہا کہ دھونی کو وقت دیا جاناچاہئے تاکہ وہ خود اپنی سبکدوشی کا فیصلہ کرسکیں۔