کیربر کو حیران کن شکست ‘جوکووچ سیمی فائنل میں داخل

 

ایسٹ بورن۔ 30جون (سیاست ڈاٹ کام)برطانیہ میں رواں ایگون انٹرنیشنل ٹینس ٹورنمنٹ سے عالمی نمبر ایک خاتون کھلاڑی اینجلیک کیربر کا اخراج ہو گیا جنہیں مقامی اسٹار جوہانا کونٹا نے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی جبکہ اسی ٹورنمنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں سربیا کے نواک جوکووچ بھی سیمی فائنلس مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ ایگون انٹرنیشنل ٹینس کے کوارٹر فائنل مرحلے میں جوہانا کونٹا نے زبردست کامیابی حاصل کرتے ہوئے نمبر ایک جرمن حریف اینجلیک کیربر کو 6-3 اور 6-4 سے شکست دی۔نمبر تین سیڈ چیک جمہوریہ کی کیرولینا پلسکووا نے نمبر سات سیڈ روس کی سویتلانا کزنیٹسوا اور نمبر چھ سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی نے نمبر دو سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو شکست دے کر سیمی فائنلس میں جگہ بنا لی۔ مینز سنگلز مقابلوں میں ٹاپ سیڈ جوکووچ نے امریکہ کے ڈونالڈ ینگ کو 6-2 اور7-6 سے شکست دیکر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا جبکہ ان کے ساتھ نمبر دو سیڈ فرنچ کھلاڑی گیل مونفلس،نمبر سات سیڈ فرانس کے رچرڈ گیسکوئے اور روس کے ڈینیل میڈیڈیو بھی آخری چار پلیئرز میں شامل ہو گئے۔