کیرامیری۔/26 اپریل، ( سیاست ڈٹرکٹ نیوز) ضلع آصف آباد مستقر کیرا میری کے وارڈ نمبر (1) میں واقع ایک سرکاری بورویل پر اس وارڈ کے ایک شخص کی جانب سے غیر مجاز طریقہ سے قبضہ کرکے اپنے گھریلو اغراض کے لئے استعمال کرنے والے شخص پر قانونی کارروائی کرنے کیلئے یہاں کی عوام کی جانب سے مقامی سرکاری عہدیداروں سے اپیل کی گئی۔ تفصیلات کے بموجب مستقر کیرا میری کے وارڈ نمبر ایک کے عوام کی سہولت کیلئے حکومت کی جانب سے کُل چار بورویل نصب کئے گئے جن سے ایک نمبر وارڈ کے تقریباً 130 خاندان مستفید ہورہے تھے، ان بورویلس میں سے گزشتہ سال 2 بورویل ناکارہ ہیں اور صرف 2 بورویلس ہی عوام کیلئے استعمال ہورہے ہیں لیکن ان دو مستعملہ سرکاری بورویلس میں ایک بورویل جو کہ وارڈ نمبر ایک میں آصف آباد۔ عادل آباد شاہراہ پرآر اینڈ بی کے باونڈری کے حدود میں واقع تھی اس بورویل کے عین قریب مقیم شنکر نامی شخص نے غیر مجاز طریقہ سے قبضہ کرکے صرف اپنے ہی گھر کی ضرورت کے لئے استعمال کررہا ہے۔ جس پر وارڈ نمبر ایک کے عوام نے برہم ہوکر اس کی شکایت مقامی پنچایت سکریٹری پوچیا، مقامی ایم پی ڈی او وینوگوپال اور تحصیلدار راجیہ لکشمی سے کی اس ضمن میں انہوں نے ان عہدیداروں کو ایک تحریری یادداشت بھی پیش کی جس پر ان عہدیداروں نے اس شخص پر قانونی کارروائی کا تیقن دیا۔