کیرامیری۔ یکم نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کیرا میری منڈل کے موضع میٹاپیری کے مضافات میں آج تقریباً 35,000 روپئے مالیت کی ساگوان کی لکڑی ضبط کرلی گئی۔ تفصیلات اور مقامی فاریسٹ رینج آفیسر سید مظہرالدین احمد کے بیان کے مطابق میٹا پیپری کے مضافات کے جنگل میں غیرمجاز طریقہ سے کاٹ کر منتقلی کیلئے تیار رکھی۔ ساگوان کی لکڑی کی موجودگی کی اطلاع پاکر مقامی ایف آر او سید مظہرالدین احمد نے اپنی ٹیم کے ساتھ میٹا پیپری متصلہ جنگلات کا معائنہ کرنے پر تقریباً 35,000 روپئے مالیت کی غیرمجاز طریقہ سے منتقلی کے لئے تیار ساگوان کی لکڑی پائی گئی جس پر لکڑی کو ضبط کرتے ہوئے بذریعہ ٹریکٹر کیرامیری کے فاریسٹ آفس کو منتقل کردیا۔ اس موقع پر سید مظہرالدین احمد نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس لکڑی کو غیرمجاز طریقہ سے کاٹ کر منتقل کرنے والوں کی بہت جلد نشاندہی کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر مقامی FBO پریم نگر کیلاش غوث اور دیگر موجود تھے۔