کیرامیری اردو میڈیم اسکول کا نتیجہ مایوس کن

حکومت کی بے توجہی اور اساتذہ کی کمی سے طلبہ کا نقصان
کیرا میری۔/6مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کیرا میری منڈل کے موضع جھری میں واقع اردو میڈیم ہائی اسکول میں اس سال کے دسویں جماعت کے نتائج میں9 طلباء و طالبات میں صرف ایک ہی طالبہ کامیاب ہونے پر اولیائے طلبہ اور اردو میڈیم جھری و مقامی مسلمانوں میں برہمی نظر آرہی ہے اور ریاستی حکومت پر اقلیتی طبقہ کے طلبہ سے سوتیلا سلوک کا الزام لگارہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سرکاری اردو میڈیم ہائی اسکول موضع جھری منڈل کیرا میری میں اس سال دسویں جماعت میں کل 9 طلباء و طابات نے تعلیم حاصل کی تھی اور ان تمام طلبہ نے اس سال منعقدہ دسویں جماعت کے امتحان میں حصہ لیا تمام میں سے صرف ایک ہی طالبہ کامیابی حاصل کرنے پر اولیائے طلباء کافی ناراض ہیں ان کی ناراضگی کی سب سے اہم وجہ اس مدرسہ میں مستقل اساتذہ کی کمی ہے۔ اس مدرسہ میںصرف دو ہی مستقل اساتذہ ہیں جن میں سے ایک غیر مسلم مدرس ہیں جبکہ اس مدرسہ میں زیر تعلیم طلبہ کی مادری زبان پر عبور حاصل نہ ہونے پرطلبہ کو عمدہ تعلیم مہیا نہیں کرپارہے ہیں۔ جبکہ حکومت کی جانب سے اس سال اس مدرسہ میں 5 ودیا والینٹرس کا تقرر کیا گیا تھا جس میں سے ایک ودیا والینٹر غیر مسلم تھا ، اولیائے طلبہ کا یہ کہنا ہے کہ مستقل اساتذہ کے بغیر طلبہ کو عمدہ تعلیم نہیں دی جاسکتی جبکہ کیرامیری منڈل می واقع دیگر تلگو میڈیم مدارس میں مستقل اساتذہ موجود ہونے کے باوجود اور بھی دیگر ودیا والینٹرس کا تقرر کیا گیا اور ان تلگو میڈیم مدارس میں سے ہٹی آشرم ہائی اسکول کے14 طلبہ میں سے تمام 14 طلبہ کامیابی حاصل کئے جن کی کامیابی کا فیصد 35 ہے گولیگاوں کے ہائی اسکول کے 18 میں سے 16 طلبہ نے کامیابی حاصل کی اور موڑی کے KGBV میں 30 میں سے 23طالبات نے کامیابی حاصل کی اور موڑی آشرم ہائی اسکول کے 74میں سے 63 طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ جھری اردو میڈیم میں 9 میں صرف ایک طالبہ کامیاب ہوئی۔ مقامی مسلم عوام نے سرکاری اعلیٰ عہدیداروں اور مقامی اقلیتی سیاسی قائدین سے اس مدرسہ کی طرف خصوصی توجہ دیتے ہوئے اس مدرسہ میں مستقل اساتذہ کا تقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔