کیرالا 35 ویں نیشنل گیمز کیلئے تیار، الٹی گنتی کا آغاز

تھرواننتاپورم ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ نیشنل گیمز کے 35 ویں ایڈیشن کی یہاں شروعات کیلئے صرف تین ہفتے باقی رہ گئے ہیں، تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ ریاستی حکومت نے کئی کھیلوں کے اس ایونٹ کی سرکاری طور پر الٹی گنتی کا باضابطہ آغاز کردیا ہے۔ پندرہ روزہ طویل اسپورٹنگ ایونٹ کیلئے جس کا افتتاح وزیراعظم نریندر مودی 31 جنوری کو کریں گے، بطور تمہید سلسلہ وار ترغیبی پروگراموں کا آنے والے دنوں میں انعقاد عمل میں لایا جائے گا جن میں ’رَن کیرالا رَن‘ میراتھن اور ٹارچ ریلی شامل ہیں۔ کرکٹ لجنڈ اور ان گیمز کے خیرسگالی سفیر سچن تنڈولکر اس میراتھن میں حصہ لیں گے، جو اس مہم کی بڑی نمایاں بات ہے، اور یہ 20 جنوری کو ریاست بھر میں زائد از 7,000 مقامات پر منعقد شدنی ہے جس میں مختلف شعبہ جات حیات سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ’آفیشل کاؤنٹ ڈاؤن‘ کا آغاز کرتے ہوئے چیف منسٹر اومن چنڈی نے ان تمغوں کی رونمائی کی جو یہاں پر آخری شام ماضی کے اتھلیٹس اور کوچس کی موجودگی میں رنگارنگ تقریب میں ونرز کو پیش کئے جائیں گے۔ چنڈی نے کہا کہ ریاست نیشنل گیمز کو کامیابی سے منعقد کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے،

جو سات اضلاع کے مختلف مراکز پر منعقد کئے جائیں گے۔ ان گیمز کی افتتاحی اور اختتامی تقاریب نئے ’گرین فیلڈ اسٹیڈیم‘ میں منعقد کی جائیں گی، جو یہاں کریاوٹوم میں 161 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر ہوا ہے۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی ان گیمز کی 14 فبروری کو اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے، جن میں مختلف ریاستوں سے زائد از 10,000 اتھلیٹس اور ٹکنیکل اسٹاف کی شرکت متوقع ہے۔ اس ریاست کے ممتاز اسپورٹس پرسنس جنھوں نے کاؤنٹ ڈاؤن لانچ ایونٹ میں حصہ لیا، ان میں ایم ڈی ولسما، شائنی ولسن، روزا کٹی، پدمنی تھامس، کے ایم بینامول، انجو بابی جارج اور جارج تھامس شامل ہیں۔ ایک موبائل اپلکیشن اور ان گیمز میں حصہ لینے والے والنٹیرز اور عہدیداروں کیلئے یونیفارم بھی لانچ کئے گئے۔ تقریباً 2500 فنکاروں سے توقع ہے کہ وہ اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کلچرل پروگراموں میں حاضرین کو محظوظ کریں گے، جن کا اہتمام ان گیمز کا حصہ ہے، جو کیرالا میں 27 سال کے وقفے بعد منعقد کئے جارہے ہیں۔