دوبئی 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور دوبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم نے سیلاب سے متاثرہ کیرالا کی امداد کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے متاثرین کو امداد کیلئے ایک ایمرجنسی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ انگریزی و ملیالم میں مسلسل ٹوئیٹس کرتے ہوئے شیخ محمد نے کہا کہ کیرالا کے عوام ہمیشہ امارات کی ترقی کا حصہ رہے ہیںاور یہ ہماری خصوصی ذمہ داری ہے کہ مشکل وقت میں ان کی مدد کریں۔ شیخ محمد اپنے ملک کے نائب صدر بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور ہندوستانی برادری متحد ہوکر متاثرین کی مدد کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فوری ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور ہم سبھی گوشوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ متاثرین کی مدد کیلئے دل کھول کر امداد کریں۔