کریم نگر میں منعقدہ اجلاس سے ضلع کلکٹر سرفراز احمد کا خطاب
کریم نگر۔/21اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کیرالا میں ہورہی اس صدی کی زبردست بارش کی وجہ سے اس ریاست میں آئی تباہی نے بے حساب املاک کے نقصان کے ساتھ انسانوں اور جانوروں کی جانوں کا کافی نقصان ہوا ہے۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں ۔ انسانی ہمدردی کے ناطے ہر ایک کو کچھ نہ کچھ مالی امداد کیلئے آنے کی ضرورت ہے۔ ضلع کلکٹر سرفراز احمدنے یہ بات کہی۔وہ کلکٹریٹ میٹنگ ہال میں ضلعی عہدیداروں، رضاکارانہ تنظیموں ،پولیس اور تاجرین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ایک امدادی سنٹر کلکٹریٹ میں قائم کردیا گیا ہے جو بھی امداد دی جائے گی اس کی رسید دی جائے گی۔ کیرالا سی ایم امدادی فنڈس راست جمع کرنے کیلئے ایس بی آئی کلکٹریٹ کامپلکس برانچ، اکاؤنٹ نمبر 37888847102 آئی ایف سی کوڈ ASBIAN 0020606 میں نقد رقم جمع کردی جائے تو کیرالا سیلاب متاثرین کی مدد کے تحت جمع جتنی بھی رقم دی جائے گی اس پر انکم ٹیکس منہا کردیا جائے گا۔ ضلع سبھی سرکاری ملازمین نے اپنی ایک دن کی تنخواہ کا عطیہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ کلکٹر نے اس بات سے واقف کروایا۔ ضلع سے کیرالا متاثرین کیلئے 2 کروڑ سے زائد رقم بھیجی جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ محکمہ عمارات و شوارع سے متعلقہ کنٹراکٹرس 2 لاکھ روپئے دینے کیلئے آگے آچکے ہیں۔ ضلع پنچایت آفیسرس اور ان کا عملہ ایک دن کی تنخواہ کے ساتھ 25 ہزار مزید دینے کا وعدہ کرلیا ہے۔ گرانائیٹ اسوسی ایشن 10 لاکھ، راشن ملرس اسوسی ایشن 2 لاری چاول، ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر اور دیگر عملہ 10 لاکھ دینے کیلئے آگے آچکے ہیں۔ کیمسیٹ اینڈ ڈرگسٹس کی جانب سے 3 لاکھ روپئے کی ادویات دینے کیلئے آگے آچکے ہیں۔ خانگی تعلیمی ادروں کے انتظامیہ سے کلکٹر نے اپیل کی۔ پولیس کمشنر کملاسن ریڈی نے کہا کہ محکمہ پولیس اپنی ایک دن کی تنخواہ دیں گے۔ بلدیہ کمشنر شیشانک نے کہا کہ محکمہ بلدیہ بھی اپنی ایک دن کی تنخواہ مستقل ملازمین، آؤٹ سورسنگ ملازمین نصف یوم کی تنخواہ جملہ 8.50 لاکھ روپئے کیرالا متاثرین کو دیں گے۔ اس اجلاس میں جوائنٹ کلکٹر بدری سرینواس، اسسٹنٹ کلکٹر راجہ سری، ضلع ریونیو آفیسر عائشہ مسرت خانم، وینکٹیشورراؤ اور مختلف تنظیموں کے قائدین شریک تھے۔