نئی دہلی ۔ 30 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر قائد کے کرونا کرن کے بیٹے اور بیٹی کے مرلیدھرن اور پدماجا وینو گوپال کا نام بھی کیرالا پردیش عاملہ کی کمیٹی میں شامل ہے جو 105 ارکان پر مشتمل ہے جس کے دیگر ارکان میں سینئر قائدین اے کے انٹونی، ویلار روی، وزیر اعلیٰ اومینی چنڈی اور پی سی سی سربراہ رمیش چینتھالا شامل ہیں۔
فہرست میں ان کے علاوہ پارٹی ایم پی پیتھم پارا کروپ بھی شامل ہیں جو حالیہ دنوں میں ایکٹریس شویتا مینن کی جانب سے جنسی استحصال کئے جانے کے ایک تنازعہ میں بھی پھنس گئے تھے لیکن اس الزام سے بعد ازاں خود اداکارہ نے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ اس جمبو کمیٹی کا اعلان کانگریس سربراہ سونیا گاندھی نے کیا جو دراصل آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی کو مضبوط تر بنانے کی جانب پیشرفت ہے ۔ کمیٹی میں کیرالا کانگریس کے ہر گروپ کی نمائندگی کی کوشش کی گئی ہے جس میں ایم پیز اور ایم ایل ایز کو بھی شامل کیا گیا ہے اور خصوصی توجہ نوجوان قائدین پر مرکوز کی گئی ہے ۔
مرکزی وزراء ششی تھرور، کے سی وینو گوپال ، ملا پلی رامچندرن اور کے وی تھامس بھی مذکورہ کمیٹی کے اہم ارکان ہیں جبکہ راجیہ سبھا کے نائب صدرنشین پی جے کورین ، پارٹی ایم پی و ترجمان پی سی چاکو، کوڈی کونیل سریش، ایم آئی شاہنواز ، کے سدھاکرن اور کیپی دھانا پالن بھی کمیٹی کے ارکان ہیں۔ یونائٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے کنوینر بی پی تھنکاچن ، سابق پی سی سی سربراہ تھینالاجی بالکرشنا پلائی بھی کمیٹی کی رکنیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ کمیٹی کیلئے راہول گاندھی کی منتخب کردہ اور اے آئی سی سی کی سابق سکریٹری شانیمول عثمان کمیٹی کی 12 خاتون ارکان میں سے ایک ہیں۔