کیرالا کا زیادہ تر حصہ زیرآب ، سیلاب میں ہلاکتیں 324ہوگئیں

بچاؤ اور راحت کاری سرگرمیاں زوروں پر، مرکزکا بھی اچھا تعاون، چیف منسٹر وجین کا بیان، وزیراعظم مودی کیرالا کا دورہ کریں گے

ایک دن میں 100 ہلاکتیں

تھرواننتاپورم 17 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں بارش سے متعلق حادثات میں گزشتہ روز محض ایک یوم میں زائداز 100 افراد فوت ہوگئے، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے ذرائع نے یہ بات کہی جبکہ ڈیفنس فورسیس نے بدترین متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو بچانے کے لئے آپریشنس میں آج صبح شدت پیدا کردی ہے۔ گزشتہ روز مہلوکین کی تعداد کو ابتدائی طور پر 30 بتایا گیا تھا جو اب بڑھ کر 106 ہوچکی ہے جس سے مجموعی اموات کی تعداد 324 ہوجاتی ہے۔ زائداز 100 سال میں یہ کیرالا میں اپنی نوعیت کا بدترین سیلاب ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی آج رات سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد کیرالا پہونچنے کی توقع ہے۔ وہ امکان ہے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا کل فضائی سروے کریں گے۔ وزیراعظم مودی نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اُنھوں نے کچھ دیر قبل چیف منسٹر کیرالا ٹی وجین سے ٹیلی فون پر بات کی اور ساری ریاست میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور بچاؤ آپریشنس پر بات کی۔ اُنھوں نے بتایا کہ وہ آج شام دیر گئے کیرالا کے لئے روانہ ہورہے ہیں تاکہ وہاں سیلاب کے سبب پیش آئے بدبختانہ صورتحال کا بہ نفس نفیس جائزہ لے سکیں۔ جمعہ کو عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں سیلاب اور طغیانی کے نتیجہ میں ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں، فصلیں تباہ ہوگئیں اور ایک ہفتے سے فضائی، ریل اور روڈ ٹریفک درہم برہم ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تھریسور میں 4 افراد کی موت ہوگئی اور 3 نعشیں برآمد کی گئی ہیں جن کی شناخت ہونا باقی ہے۔ وہاں ایک دیوار منہدم ہوجانے سے 7 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں اور کئی دیگر پھنس جانے کا اندیشہ ہے۔ دو اضلاع تھرواننتاپورم اور کسار گوڈے کے لئے ریڈ الرٹ جاری کی گئی تھی جس سے دستبرداری اختیار کرلی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں کم بارش کی پیش قیاسی کی ہے جس سے کچھ راحت ملنے کی توقع ہے۔ چیف منسٹر وجین نے کہاکہ صورتحال سنگین ہے لیکن اِس پر قابو پالئے جانے کی اُمید ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ریاست کا زیادہ تر حصہ لگاتار بارشوں کی وجہ سے زیرآب ہے۔ نہ صرف بارش بلکہ زمینی تودے کھسکنے کے واقعات سے بھی پریشانی ہورہی ہے اور ریاست کے بیشتر حصوں میں طغیانی کی صورتحال پائی جاتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ زائداز 2 لاکھ افراد کو ریاست بھر میں 1568 کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے لیکن اب بھی کئی افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے پریس کانفرنس میں کہاکہ آج شام تک تمام محصور افراد کو بچالیا جائے گا۔ مجھے اعتماد ہے کہ ہم یہ کام کرسکتے ہیں۔ مرکز بھی اچھا مدد کررہا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ ابھی تک 16 آرمی ٹیمیں، 28 نیوی ٹیمیں، 39 این ڈی آر ایف (نیشنل ڈیسزاسٹر ریسپانس فورس) کی ٹیمیں راحت اور بچاؤ کارروائیوں میں مشغول ہیں۔ این ڈی آر ایف نے ابھی تک 4 ہزار افراد کو بچایا ہے۔ چیف منسٹر نے ایسی افواہوں کے بعد پیدا ہونے والے اندیشوں کا ازالہ کرنے کی کوشش کی کہ ایک صدی قدیم ملاپیریار ڈیم میں شگاف پڑچکے ہیں۔ اُنھوں نے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ڈیم کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ دریں اثناء نئی دہلی میں نیشنل کرائسز مینجمنٹ کمیٹی نے دو یوم میں آج دوسری مرتبہ میٹنگ منعقد کرتے ہوئے سیلاب زدہ کیرالا کی صورتحال پر غور کیا اور تمام ایجنسیوں کو اضافی وسائل مہیا کرنے کی ہدایت دی تاکہ بچاؤ اور راحت کاری سرگرمیوں کو کامیابی سے انجام دیا جاسکے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے ابھی تک 339 موٹر والی کشتیاں، 2800 لائف جیاکٹس، 1400 پانی میں سہارا بننے والی اشیائ، 27 لائف ٹاورس اور ایک ہزار رین کورٹس فراہم کئے ہیں۔ کابینی معتمد پی کے سنہا نے این سی ایم سی میٹنگ کی صدارت کی اور اُنھوں نے کیرالا اور ٹاملناڈو کے چیف سکریٹریز کے ساتھ ویڈیو کانفرنس بھی منعقد کی۔

کیرالامیں اضافی فورس اور امداد بھیجی جائے گی:مرکز
نئی دہلی17اگست(سیاست ڈاٹ کام) تباہ کن سیلاب سے متأثر کیرالامیں راحت اور بچاؤ مہم میں تیزی لانے کے لئے راحت رسانی کا کام کرنے والی اضافی ٹیمیں، راحت رسانی کا سامان اور دیگر ضروری وسائل بھیجے جائیں گے ۔کابینہ سکریٹری پی کے سنہا کی صدارت مں آج یہاں لگاتار دوسرے دن ہوئی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ میں کیرالاکی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے ۔ میٹنگ میں کیرل اور تمل ناڈو کے چیف سیکریڑیز نے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شرکت کی۔مسٹرسنہا نے بری فوج، بحری فوج، فضائیہ، کوسٹ گارڈ کی ٹیم اور نشنل ڈزاسٹرمینیجمنٹ فورس کی اضافی ٹیمیں بھیجنے کے ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے ان ٹیموں سے متأثرہ علاقوں میں اضافی کشتیاں،ہیلی کاپٹر، لائف پروف جیکٹ،رین کوٹ ،برساتی جوتے اور ٹاور لائٹ سمیت دوسرے ضروری آلات بھینے کو کہا ہے ۔مرکز نے 39 موٹر بوٹ، 2800 لائف پروف جیکٹ،27 لائٹ اور ایک ہزار رین کوٹ بھیجے ہیں۔