کوچی 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کہنہ مشق ساستداں کے ایم منی کی زیرقیادت کیرالا کانگریس تقسیم کے دہانے پر پہنچ گئی ہے جبکہ کیرالا کانگریس کے بانی کے ایم جارج کے فرزند اور سابق لوک سبھا رکن فرینکس جارج کی زیرقیادت ایک گروپ نے عملاً بغاوت کردی ہے اور وہ ایک نئی پارٹی تشکیل دیتے ہوئے سی پی ایم کی زیرقیادت ایل ڈی ایف میں شمولیت کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ مسٹر جارج جوکہ کیرالا کانگریس میں کے ایم منی کے فرزند جوز کے منی کی شخصیت پرستی پر ناراض ہیں۔ ایک نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کا بہت جلد فیصلہ کرسکتے ہیں۔ باوثوق ذرائع نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ باغی گروپ میں شامل سابق ارکان اسمبلی کے سی جوزف اور انتونی راجو نے انتخابی مفاہمت پر بائیں بازو کے لیڈروں سے بات چیت کی۔ ایک اور لیڈر پی سی جوزوف جوکہ منی کے کٹر ناقد ہیں، نئے گروپ میں شمولیت کے امکانات روشن ہیں۔