کیرالا میں کانگریس کارکن کا قتل،سی بی آئی جانچ کا مطالبہ

تھرواننتاپورم ۔ 27 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس زیرقیادت یوڈی ایف اپوزیشن نے کنور ضلع میں حکمران سی پی آئی ایم کے کارکنوں کی جانب سے کانگریس کے کارکن کو مبینہ طور پر ہلاک کرنے کے واقعہ کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے مسلسل دوسرے دن کیرل اسمبلی کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی گئی۔ اسپیکر پی سری راما کرشنن اپوزیشن اور حکمران بنچس کے درمیان اس مسئلہ پر گرما گرم مباحث کے بعد وقفہ صفر اور وقفہ سوالات ملتوی کرنے کیلئے مجبور ہوگئے۔اپوزیشن کے ارکان اسپیکر کے پوڈیم کے اطراف جمع ہوگئے اور پلے کارڈس و بینرس دکھانے لگے ۔ اسپیکر نے دن بھر کیلئے ایوان کی کارروائی کو ملتوی کردیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سری راماکرشنن نے کہا کہ وہ اپوزیشن کے احتجاج کے خلاف نہیں ہے لیکن ایوان کی کارروائی چلانے کے لئے اسپیکر کو ڈسپلن پر عمل کرنا چاہئے ۔