کیرالا میں دلت خاتون کی عصمت ریزی اورقتل پر کانگریس کی معنیٰ خیز خاموشی: بی جے پی

نئی دہلی۔/3مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے کیرالا میں ایک دلت خاتون کی عصمت ریزی اور بہیمانہ قتل کے واقعہ پر کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا کہ کہ راہول گاندھی کا یہ وطیرہ بن گیا ہے کہ دیگر ریاستوں میں جب دلتوں کا مسئلہ پیش آتا ہے تو فی الفور پہنچ جاتے ہیں لیکن کانگریس کے زیر اقتدار ریاست کیرالا میں پیش آئے اس واقعہ پر خاموشی اختیار کرلی۔ بی جے پی ترجمان میناکشی لیکھی نے صدر کانگریس سونیا گاندھی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے وہ اس واقعہ پر حساسیت کا مظاہرہ کرتیں، لیکن چیف منسٹر کیرالا اومین چنڈی سے ابتدائی معلومات بھی حاصل کرنا گوارہ نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دلت خاتون کی عصمت ریزی اور قتل کا واقعہ پیش آئے 6 دن گذر گئے لیکن پولیس نے معمولی کارروائی کرتے ہوئے صرف 2افراد کو حراست میں لیا ہے۔