کیرالا میں بی جے پی کی ایک روزہ ہڑتال کامیاب

تروننتھا پورم۔/27جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا میں آج بی جے پی کی ایک روزہ ہڑتال کے باعث عام زندگی مفلوج ہوگئی جبکہ شراب خانوں سے رشوت حاصل کرنے کے الزام میں ریاستی وزیر فینانس کے ایم منی سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ ہڑتال کی گئی تھی۔ ریاست بھر میں خانگی ٹرانسپورٹ بشمول ٹیکسی اور آٹو رکشا سڑکوںسے ہٹادیئے گئے تھے اور تعلیمی و تجارتی اداروں کو بند رکھا گیا تاہم سرکاری دفاتر بشمول سکریٹریٹ میں ملازمین کی معمولی حاضری دیکھی گئی۔ریاستی حکومت نے تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کیا تھا اورکالی کٹ، کنور یونیورسٹی کے امتحانات کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ ریاست کی تمام اہم شاہراہیں ویران نظر آرہی تھیں کیونکہ عوام نے اپنے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی تھی تاہم ہڑتال سے لاعلم ریلوے مسافرین کو منزل مقصود تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔ واضح رہے کہ ایک ہوٹل کے مالک بیجو رمیش نے وزیر فینانس منی کے خلاف شراب خانوں کے لائسنس کی اجرائی کیلئے رشوت حاصل کرنے کا الزام عائد کیا تھا جسے بار برائبری اسکام کہا جارہا ہے۔تاہم وزیر فینانس نے ان الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ رمیش کے الزامات کو مستردکردیا اور کہا کہ رمیش کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے کیونکہ وہ متضاد بیانات دے رہے ہیں۔