کیرالا میں بارش سے ہلاک ہونے والوں کی جملہ تعداد 231

ریاستی حکومت کا مرکز سے 2600 کروڑ روپئے کے راحت رسانی پیاکیج کا مطالبہ

ترواننتاپورم / کوچی ۔ /21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا نے آج مرکزی حکومت سے سیلاب زدہ کیرالا کیلئے 2600 کروڑ روپئے مالیتی خصوصی راحت رسانی پیاکیج طلب کیا ہے جبکہ ریاست زیرآب آجانے کی وجہ سے ہلاکتوں کی جملہ تعداد 15 دن میں 231 ہوچکی ہے اور 14 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں ۔ پانی کی سطح اترنے کے بعد راحت رسانی کارروائیوں میں شدت آگئی ہے ۔ چیف منسٹر پی وجین کی زیرصدارت ریاستی کابینہ کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مرکز سے 2600 کروڑ روپئے مالیتی خصوصی راحت رسانی پیاکیج کا مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ مرکزی حکومت کی زیرسرپرستی اسکیموں کی تکمیل کی جاسکے ۔ کابینہ نے غذائی اجناس کے ذخیرے کے تباہ ہوجانے کا ادعا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 100 سال میں ایسے سیلاب کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ مرکز نے کیرالا کیلئے 600 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں اور فیصلہ کیا ہے کہ کسٹمس ڈیوٹی اور جی ایس ٹی معاف کردی جائے گی ۔ راحت رسانی اشیاء پر انہیں نفاذ نہیں کیا جائے گا جو متاثرہ عوام کیلئے درآمد ہوں گی ۔ مرکز کی امداد 500 کروڑ روپئے کا وزیراعظم نریندر مودی نے اور 100 کروڑ روپئے مالیتی امداد کا مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے اعلان کیا تھا جو آج جاری کردیئے گئے ۔ بڑے پیمانے پر ایک اور راحت فراہم کرتے ہوئے کیرالا کے تارکین وطن نے جو متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں 100 ملین امریکی ڈالر مالیتی رقم روانہ کرنے سے اتفاق کرلیا ہے ۔ شیخ محمد بن زاہد النہیان نے ولی عہد ابوظہبی نے وزیراعظم مودی کو ٹیلیفون کیا اور امداد کی پیشکش کی ۔ ہلاکتوں کی تعداد 221 ہوگئی کیونکہ آج مزید 8 نعشیں ریاست کے مختلف حصوں میں دستیاب ہوئیں ۔ 14 لاکھ 50 ہزار افراد ، 3200 راحت رسانی کیمپوں میں گزشتہ 15 دن سے مقیم ہیں ۔ بارش کا آغاز /8 اگست سے ہوا تھا ۔ حکومت نے کہا کہ راحت رسانی اور بازآبادکاری کے اقدامات بلالحاظ پارٹی وابستگی کئے جارہے ہیں اور تیقن دیا جارہا ہے کہ سب لوگ متحدہ طور پر ریاست کی تعمیر جدید کریں گے ۔ آج ریل اور روڈ نیٹ ور ک کا بھی احیاء دیکھا گیا جو سیلاب سے بدترین متاثرہ تھے ۔ بیشتر علاقوں میں احیاء ہوچکا ہے ۔ پروازیں کوچین انٹرنیشنل ایرپورٹ سے توقع ہے کہ /26 اگست سے شروع ہوجائیں گی ۔ ایرپورٹ ملک بھر میں مصروف ترین تھا اور /14 اگست سے سیلاب اور موسلادھار بارش کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا ۔ اندرون ملک طیارہ خدمات بحری ایرپور ٹ کوچی سے عبوری اقدام کے طور پر کل شروع کی جاچکی ہیں۔