کیرالا میں اقتدار کا حصول اصل مقصد : امیت شاہ

پالکڑ ( کیرالا ) 19 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج کیرالا میں پارٹی ورکرس سے کہا کہ وہ ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کے مقصد کیلئے کام کریں نہ کہ اسمبلی میں اپنا کھاتہ کھولنے کو اپنا نشانہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر بی جے پی کیلئے سازگار ماحول ہے اور اس سے کیرالا میں پارٹی ورکرس کو فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ یہاں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کو ریاست میں کانگریس اور سی پی ایم کے گرد گھومنے والے سیاسی منظر نامہ کو تبدیل کرنا ہوگا کیونکہ اب بی جے پی کیلئے قومی سطح پر حالات سازگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف اسمبلی میں کھاتہ کھولنا نہیں بلکہ ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کا ہونا چاہئے ۔ اس سلسلہ میں ورکرس کو کوشش کرنی چاہئے ۔ امیت شاہ کا بی جے پی کی صدارت قبول کرنے کے بعد کیرالا کا یہ دوسرا دورہ تھا ۔