کیرالا : سیلاب کی صورتحال خطرناک مرنے والوں کی تعداد 67

ترواننتاپورم ۔ /15 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا میں سیلاب کی صور تحال مزید خطرناک ہوگئی ہے ۔ دیگر کئی علاقے زیرآب آچکے ہیں ۔ کوچی ایرپورٹ پر تمام پروازوں کو ہفتہ تک ملتوی کردیا گیا ہے ۔ مرنے والوں کی تعداد 67 ہوگئی ہے ۔ موسلادھار بارش کے باعث آج مزید 25 افر اد ہلاک ہوئے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ ریاست کے تمام 14 اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر وجین نے کہا کہ مزید چند دن تک ریاست میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ اس سے صور تحال ابتر ہوجائے گی ۔ زائد از 1.5 لاکھ افراد کو ریاست بھر میں قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں میں رکھا گیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے چیف منسٹر سے فون پر بات چیت کی اور سیلاب صور تحال کا جائزہ لیا ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے وجین کو بتایا کہ ریاست کی درخواست پر مرکزی معتمد داخلہ نے ٹاملناڈو چیف سکریٹری سے بات چیت کی ہے اور ڈیم سے مزید پانی چھوڑنے کیلئے کہا ہے ۔ ضلع اڑکی میں یہ ڈیم کیرالا کی جانب سے چلایا جاتا ہے ۔ بارش کے باعث ریاست کے کئی مقامات پر پینے کے پانی کا مسئلہ بھی پیدا ہوا ہے ۔ حکومت کی جانب سے پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔