نئی دہلی20اگست(سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے مرکزی حکومت پر کیرلہ کے ساتھ سوتیلے برتاؤ کا الزام لگایا ہے ۔ کانگریس نے وہاں آئے تباہ کن سیلاب کو قومی آفت قرار دینے کے اپنے مطالبہ کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ متأثرین کو جلد از جلد راحت پہونچانے کی ضرورت ہے ۔کانگریس پارٹی کے ترجمان جے ویر شیرگل نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت کیرلہ کے ساتھ سوتیلہ برتاؤ کر رہی ہے ،ریاست میں صدی کے سب سے بڑے سیلاب میں 400 سے زیادہ لوگ ہلاک ہوئے ہیں اور ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ شہری راتوں رات بے گھر ہوگئے ۔اس لئے مرکزی حکومت کو کیرلہ کے سیلاب کو قومی سانحہ قرار دینا چاہئے تاکہ متأثرین کے راحت رسانی کاکام وقت پر انجام دیا جا سکے ۔انہوں نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت کئی ایسے معاملوں پر شہریوں کا پیسہ خرچ کرتی رہی ہے جس کی ضرورت نہیں تھی لیکن کیرلہ کے لوگوں کی مدد کے لئے س کے پاس پیسے نہیں ہیں،ریاست میں سینکڑوں کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے لیکن مرکزی حکومت نے صرف 500 کروڑ روپئے کی مالی مدد کا اعلان کیا ہے ۔کانگریس ترجمان نے کہا کہ مرکزی حکومت کو سیلاب متأثرین کے لئے جلد از جلد راحت اور بچاؤ کے لئے مزید امدای رقم کا اعلان کرنا چاہئے ۔اگر حکومت کیرلہ کے سیلاب کو قومی سانحہ قرار دیتی ہے تو ریاست کے لوگوں کو خصوصی طور سے راحت اور مدد دی جاسکے گی۔قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی کانگریس نے مرکز سے کیرلہ سیلاب کو قومی آفت قرار دینے اور ریاست کی ترجیحی بنیاد پر مدد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔کانگریس کے مطابق ریاست میں ایک تخمینے کے مطابق تین ہزارکروڑ کا نقصان ہوا ہے اور اس کے عوض میں مرکز کی جانب سے صرف 500 کروڑ کی مالی مدد بہت ہی کم اور ناکافی ہے اس میں اضافہ کیا جانا چاہئے ۔ اس ضمن میں کانگریس صدر گاندھی نے بھی کہا تھا کہ سیلاب متأثرین کی راحت میں سیاست نہیں ہوسکتی اور بی جے پی و غیر بی جے پی حکومتوں میں امتیاز نہیں کیا جا سکتا۔