کیرالا اسمبلی سے یو ڈی ایف کا بائیکاٹ

خانگی میڈیکل کالجوں کے مسئلہ پر تعطل برقرار
تھروننتھاپورم۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) خانگی میڈیکل کالجوں کی فیس میں اضافہ کے مسئلہ پر گزشتہ ایک ہفتے سے جاری ارکان اسمبلی کی غیر معینہ بھوک ہڑتال سے اظہار یگانگت کے طور پر کانگریس کی زیر قیادت یو ڈی ایف نے آج کیرالا اسمبلی کا بائیکاٹ کردیا۔ اگرچہ کہ اسپیکر پی راما کرشنن نے جاریہ تعطل ختم کرنے کیلئے ایک اجلاس طلب کیا جس کی حکمران اور اپوزیشن کے اٹل موقف سے کوئی اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ اپوزیشن کے احتجاج پر وقفہ صفر کی معطلی کے بعد ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوتے ہی اپوزیشن لیڈر رمیش چنتالہ نے مطلع کیا کہ وہ کارروائی چلانے میں تعاون نہیں کرسکتے کیوں کہ ان کے دو ساتھی (ارکان اسمبلی) فیس میں اضافہ کے خلاف گزشتہ 6 یوم سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ لہٰذا وہ ایوان سے بائیکاٹ کررہے ہیں۔ تاہم چیف منسٹر پی وجین نے کہا کہ اپوزیشن نے اسمبلی اجلاس کی شروعات سے ہی یہ مسئلہ اٹھارہے ہیں تاکہ ایوان کی کارروائی کو درہم برہم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایپوزیشن کے جارحانہ رویہ سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ تعطل برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور خانگی میڈیکل کالجوں کے مسئلہ پر منعقدہ اجلاس میں تعمیری تجاویز پیش نہیں کی گئیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سی پی ایم کی زیر قیادت ایل ڈی ایف حکومت خانگی انتظامیہ کے لئے واضح کشمکش ریکھا (حدود) متعین کردی ہے۔ اگرچہ کہ اسمبلی میں یہ تیقن دیا گیا ہے کہ کیاپٹیشن فیس کے بارے میں الزامات کی ویجلنس تحقیقات کروائی جائے گی۔ لیکن آج کے مشاورتی اجلاس میں رمیش چنتالہ نے اس معاملہ کی کرائم برانچ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناء اسمبلی ہال کے قریب شفیع پرامبل اور ایبی ہیڈن کی بھوک ہڑتال آج 6 ویں دن میں داخل ہوگئی ہے جبکہ کیرالا کانگریس (جے) کے انوپ جیکب جو کہ بھوک ہڑتال پر تھے صحت بگڑ جانے پر کل انہیں میڈیکل کالج ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں اپوزیشن ارکان سیاہ پٹیاں اور پلے کارڈس اور بیانرس تھامے ہوئے ایوان میں داخل ہوئے۔ اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ وقفہ صفر معطل کرکے کالجوں کے مسئلہ پر بحث کروائی جائے ۔ ایوان میں مسلسل شور شرابہ، ہنگامہ آرائی پر اسپیکر نے وقفہ صفر ملتوی کرتے ہوئے فلور لیڈرس کا اجلاس طلب کیا۔ لیکن کوئی اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ اسمبلی میں اپوزیشن کی غیر موجودگی میں کارروائی چلاتے ہوئے گرانٹس منظور کئے گئے۔ دوسری طرف کیرالا کانگریس (ایم) جس نے حالیہ اختلافات کی بناء یو ڈی ایف کے ساتھ 30 سال قدیم تعلقات منقطع کرلینے میں بھوک ہڑتالی ارکان کے ساتھ حکومت کی سردمہری کے خلاف واک آئوٹ کردیا۔